اللہ کے کرم سے ہم تو اپنا دفاع کرلیں گے لیکن بھارت لداخ پر جواب دے پاکستان

بھارت نے کوئی حماقت کی تو منہ توڑ ،بھرپور اور فی الفور جواب دیں گے، وزیر خارجہ

خطے کے تمام ممالک بھارت سے نالاں ہیں، شاہ محمود قریشی فوٹو: فائل

وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کا کہا ہے کہ ہم تو اپنا دفاع اللہ کے کرم سے کرلیں گے لیکن بھارت لداخ پر جواب دے۔

اپنے بیان میں شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کا خواہاں ہے، ہم افغان امن عمل کو آگے بڑھانے پر توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں، ہم کشمیر کے مسئلے کا حل چاہتے ہیں، بھارت نے جو کشمیریوں سے رویہ روا رکھا ہوا ہے، اس صورتحال میں بھارت سے بات چیت کی کوئی گنجائش نہیں ہے اور بھارت کی بربریت کے خلاف آواز اٹھاتے رہیں گے، اگر بھارت نے کوئی حماقت کی تو منہ توڑ ،بھرپور اور فی الفور جواب دیں گے۔


شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خطے کے تمام ممالک بھارت سے نالاں ہیں، نیپال اور بنگلا دیش آپ سے کیوں نالاں ہے؟ چین سے آپ کا مسئلہ کیا ہے؟، امیت شاہ اور نریندر مودی بتائیں کہ لداخ میں کیا ہورہا ہے؟ بھارتی میڈیا اس حوالے سے کیوں خاموش ہے؟، آپ نے متنازع علاقے میں شرارت کی، اس پر ردعمل فطری تھا، ہم تو اپنا دفاع اللہ کے کرم سے کرلیں گے، آپ لداخ پر جواب دیں؟، کیا آپ کا سرجیکل اسٹرائیک کا رعب صرف پاکستان کے لئے ہے؟، بھارتی حکمران پاکستان کو سافٹ ٹارگٹ سمجھتے ہیں لیکن پاکستان سافٹ ٹارگٹ نہیں۔

وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستان معاشی طورپر پٹ چکا ہے، یونیورسٹی آف شکاگو، یونیورسٹی آف پینسلوینیا اور خود بھارتی معاشی تحقیقی مرکز کی رپورٹ بتارہی ہیں کہ لاک ڈاؤن کی وجہ سے بھارت کا ستیاناس ہوچکا ہے،بھارت کے 84 فیصد کنبوں کی آمدنی گر گئی ہے، 11 سال میں بھارت میں اتنی کم شرح نمو نہیں تھی ،بھارتی شہریوں کے لئے خوراک اورغذائی قلت کا چیلنج بہت بڑھ چکا ہے،بھارت کو جموں وکشمیر اور لداخ میں مار پڑ رہی ہے۔
Load Next Story