بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل مکمل نتائج کی آمد کا سلسلہ جاری
بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات کے لئے پولنگ کا عمل مکمل ہونے کے بعد نتائج آنا شروع ہوگئے تاہم الیکشن کمیشن کے مطابق حتمی نتائج کا اعلان کا 10 دسمبر کو کیا جائے گا۔
کوئٹہ سمیت صوبے بھر میں پولنگ کے دوران سیکیورٹی انتہائی سخت رہی، صبح 8 بجے شروع ہونے والا پولنگ کا عمل بنا کسی وقفے کے شام 5 بجے تک جاری رہا، اب تک غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق میٹروپولیٹن کارپوریشن کوئٹہ کے کل 58 حلقوں میں سے 12 پر پشتونخوا میپ، 3 پر مسلم لیگ (ن)، ایک پر نیشنل پارٹی اور ایک پر آزاد امیدوار کامیاب ہوا جبکہ لورالائی ڈسٹرکٹ کونسل کے 20 حلقوں میں سے 9 پر پشتونخوا میپ اور 4 پر عوامی اتحاد کے امیدواروں نے کامیابی حاصل کی، اسی طرح میونسپل کمیٹی خاران پر مسلم لیگ (ق) کے 7، آزاد امیدواروں نے 6، مسلم لیگ (ن) ، نیشنل پارٹی اور بی این پی مینگل کے ایک ایک امیدوار نے کامیابی حاصل کی، قلعہ سیف اللہ میونسپل کمیٹی کے 13 حلقوں میں سے 10 پر پشتونخوا میپ، 2 پر جے یو آئی نظریاتی اور ایک پر جے یو آئی (ف) کے امیدوار کامیاب ہوئے۔
دوسری جانب صوبائی الیکشن کمشنر کے مطابق ہرنائی سمیت صوبے بھر میں تمام خالی نشستوں پر الیکشن شیڈول کا اعلان بعد میں کیا جائے گا، ضلع ہرنائی کے ڈپٹی کمشنر، اے ڈی سی ریونیو اور اسسٹنٹ کمشنر کو ایس اینڈ جی اے ڈی میں رپورٹ کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
اس سے قبل پولنگ کے دوران مخالفین کے درمیان جھگڑوں کی اطلاعات آئیں اور مخالفین کی جانب سے ایک دوسرے پر دھاندلی کے بھی الزامات لگائے گئے۔ چند مقامات پر پولنگ کا عملہ یا انتخابی سامان کے دیر سے پہنچنے پر پولنگ کا آغاز تاخیر سے شروع ہوا، کچھ مقامات پر ہنگامہ آرائی اور بدنظمی کے واقعات بھی پیش آئے۔