مہوش حیات کورونا میں مبتلا ہونے کی افواہیں پھیلانے پر بھڑک اٹھیں

سوشل میڈیا پرلائکس اور فالوورز بڑھانے کیلئے کچھ بھی پوسٹ کرنے کے بجائے پہلے حقائق جانچ لیں، مہوش حیات

میرے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں، مہوش حیات فوٹوفائل

اداکارہ مہوش حیات نے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی افواہوں کو مسترد کرتے ہوئے اس سوشل میڈیا پلیٹ فارم کو آڑے ہاتھوں لیا ہے جس نے بغیر تصدیق کیے ان میں کووڈ 19 مثبت آنے کی افواہ پھیلائی تھی۔

گزشتہ روز ایک سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ٹوئٹر اکاؤنٹس سے مہوش حیات کے کورونا وائرس میں مبتلا ہونے کی خبر شیئر کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق اداکارہ مہوش حیات میں کورونا وائرس کا ٹیسٹ مثبت آیا ہے۔ اس کے ساتھ انہوں نے مہوش حیات کے لیے دعا کی درخواست بھی کی تھی۔

یہ بھی پڑھیں: روبینہ اشرف کے آئی سی یو منتقل ہونے کی افواہیں مسترد


مہوش حیات نے اس ٹوئٹ پر ردعمل دیتے ہوئے اس خبر کی نہ صرف تردید کی بلکہ بغیر تصدیق کیے یہ خبر شیئر کرنے پر بھڑک اٹھیں اور کہا میرے کورونا میں مبتلا ہونے کی خبروں میں کوئی سچائی نہیں۔ امید کرتی ہوں ہمارا میڈیا ذیادہ ذمہ داری کا مظاہرہ کرے اور اس طرح کی خبریں شیئر کرنے سے پہلے حقائق کو جانچ لے۔

انہوں نے مزید کہا کہ سوش میڈیا پر لائکس اور فالوورز بڑھانے کے لئے کچھ بھی پوسٹ کرنے کے بجائے ذمہ داروں کو مجھے فون کرنا چاہئے تھا اور اس خبر کی تصدیق کرنی چاہئے تھی۔ اس طرح کی خبروں سے فیملی اور دوستوں کو پریشانی کا سامنا پڑتا ہے۔



واضح رہے کہ شوبز کی دنیا کے کئی ستارے کورونا وائرس میں مبتلا ہوچکے ہیں جن میں ندا یاسر، ان کے شوہر یاسر نواز، روبینہ اشرف، نوید رضا، ابرارالحق اور واسع چوہدری وغیرہ شامل ہیں۔
Load Next Story