کراچی سمیت ملک کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی کی پیشگوئی

گرمی کی جذوی لہر بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے سبب پیدا ہوگی، محکمہ موسمیات

کراچی میں موجودہ صورتحال کی وجہ سے ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے، محکمہ موسمیات۔ فوٹو: فائل

محکمہ موسمیات نے آئندہ 2 سے 4 روز دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید گرمی کی پیش گوئی کی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند روز کے دوران کراچی سمیت ملک کے بیشتر میدانی علاقوں میں شدید گرمی پڑنے کا امکان ہے، پیر سے بدھ کے دوران ملک کے زیادہ تر میدانی علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے، جب کہ بیشتر علاقوں میں موسم خشک رہے گا۔


محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ میدانی علاقوں میں درجہ حرارت 4 سے 6 ڈگری سینٹی گریڈ معمول سے زیادہ رہنے کا خدشہ ہے جب کہ پہاڑی علاقوں کا درجہ حرارت معمول سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

دوسری جانب چیف میٹرولوجسٹ کراچی نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر میں اگلے 2 روز کے دوران گرمی میں اضافہ ہونے کی توقع ہے، گرمی کی جذوی لہر بحیرہ عرب میں ہوا کے کم دباؤ کے سبب پیدا ہوگی، ہوا کا کم دباؤ اس وقت بھارتی گجرات کے قریب موجود ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق پیر کو صبح کے وقت سمندری ہوائیں جذوی متاثر ہونے کے سبب گرمی معمول سے زیادہ محسوس کی جاسکتی ہے، سمندر کی جنوب مغربی سمت کی ہوائیں مکمل طور پر معطل ہونے کا امکان کم ہے، شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 40 ڈگری سینٹی گریڈ کو چھوسکتا ہے، تاہم موجودہ صورتحال کی وجہ سے ہیٹ ویو کا امکان نہیں ہے، جب کہ بدھ تک درجہ حرارت دوبارہ معمول پر آجائے گا۔
Load Next Story