صبیحہ خانم فن تمہارا مثل شبنم

فلم انڈسٹری کواپنے فن کے ذریعے استحکام وعروج بخشنے والی اداکارہ اپنے فن میں یکتا اور اپنی ذات میں ایک ادارہ تھیں۔

فلم انڈسٹری کواپنے فن کے ذریعے استحکام وعروج بخشنے والی اداکارہ اپنے فن میں یکتا اور اپنی ذات میں ایک ادارہ تھیں۔ فوٹو: فائل

دہائیوں تک پاکستانی فلم انڈسٹری پر راج کرنے والی ممتاز پاکستانی اداکارہ صبیحہ خانم کا اس دنیا فانی سے کوچ کرجانا، ان کے مداحوں کو افسردہ کرگیا۔

نوزائیدہ مملکت میں فلم انڈسٹری کواپنے فن کے ذریعے استحکام وعروج بخشنے والی اداکارہ اپنے فن میں یکتا اور اپنی ذات میں ایک ادارہ تھیں۔کونسا ایسا کردار تھا جو انھوں نے ادا نہ کیا ہو اوراس میں اپنی اداکاری کے رنگ بھرکر اسے امر نہ بنا دیا ہو۔

پہلی پاکستانی گولڈن جوبلی فلم بھی ان کے حصے میں آئی، انھیں بہترین اداکاری پر تمغہ حسن کارکردگی سے بھی نوازا گیا، وہ 1935 میں پاکستان کے شہرگجرات پیدا ہوئیں، ان کے والدین محمد علی ماہیا اور بالو بیگم تھیٹر میں کام کرتے تھے۔


فلمی کیریئرکا آغاز 1950 میں فلم 'بیلی' سے کیا، 1954 میں فلم گمنام کی کامیابی نے انھیں شہرت کی بلندیوں تک پہنچا دیا، 1956 میں انھوں نے فلم '' دْلا بھٹی'' میں نوراں کا کردار، شائقین فلم کے دلوں پر نقش ہوا۔اس کے بعد متعدد کامیاب فلموں نے انھیں ملک کی کامیاب ترین ہیروئن بنا دیا، ان میں فلم وعدہ، حاتم اور ''شیخ چلی'' شامل تھیں۔

سب سے زیادہ فلمیں اداکار سید موسیٰ رضا المعروف سنتوش کمارکے ساتھ کیں اور انھی سے ان کی شادی بھی ہوئی، دونوں کی جوڑی نے کئی سال تک فلم بینوں کے دلوں پر راج کیا۔ سن پچاس کے عشرے میں صبیحہ خانم اور سنتوش کمار نے کئی فلموں میں اکٹھے کام کیا تھا مثلاً، غلام، رات کی بات، قاتل، انتقام، حمیدہ، سرفروش ،عشقِ لیلیٰ، وعدہ، سردار، سات لاکھ، حسرت، مکھڑا، دربار وغیرہ۔انھوں نے دوسوسے زائد فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھائے۔ پانچ نگار ایوارڈ حاصل کرنیوالی اداکارہ نے ثابت کیا کہ وہ فن اداکاری میں یکتا تھیں۔

انھوں نے پاکستان ٹیلی ویژن پر دوملی نغمے '' جگ جگ جیوے میرا پیارا وطن اور سوہنی دھرتی اللہ رکھے'' بھی گائے جو بہت مقبول ہوئے۔ سات لاکھ، شکوہ ، دیور بھابی ، سنگدل اور اک گناہ اور سہی ان کی نہ صرف یادگار فلمیں تھیں بلکہ ان میں اداکاری پر انھیں ایوارڈز سے بھی نوازا گیا۔ان کی وفات سے پیدا ہونے والا خلا کبھی پر نہیں ہوسکتا، کیونکہ ان کا فن مثل شبنم تھا۔
Load Next Story