خاتون تاجر سے بھتہ مانگنے والے 2ملزمان گرفتار

رفاقت حسین اور عبداﷲ کے قتل میں ملوث2 ملزمان پولیس اہلکار بھی گرفتار کرلیے گئے

ایس پی کلفٹن ندیم راجپوت بھتہ خوری اور پولیس پرحملے کے ملزمان کی گرفتاری سے متعلق تفصیلات بتارہے ہیں ۔ فوٹو : ایکسپریس

کلفٹن پولیس نے مختلف کارروائیوں میں ملیر سٹی تھانے پر حملہ میں ملوث ملزم اورطالبان کے نام پر خاتون تاجر سے بھتہ طلب کرنے والے 3 ملزمان سمیت 5 ملزمان کو گرفتار کر کے اسلحہ برآمد کر لیا۔

یہ بات ایس پی کلفٹن ڈویژن ندیم احمد راجپوت نے گزشتہ روز اپنے دفتر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے بتائی ، ایس پی کلفٹن ڈویژن نے مزید بتایا کہ ڈیفنس پولیس نے نیشنل میڈیکل سینٹر کے قریب کالا پل پر کارروائی کرتے ہوئے ملزم عبدالستار ولد ولی محمد عرف ماما کو گرفتار کر کے ایک ٹی ٹی پستول اور6 راؤنڈ برآمد کر لیے انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم کا تعلق گینگ وار سے ہے اورگرفتار ملزم نے رواں سال22 ستمبر کو اپنے ساتھی نوید بلوچ کو چھڑا کیلیے ملیر سٹی تھانے پر دستی بم او آتشی اسلحہ سے حملہ کیا تھا جس کے نتیجے میں ملیر سٹی تھانے کا ایک کانسٹیبل فرمان علی جاں بحق ہو گیا تھا، کلفٹن پولیس نے دوسری کارروائی درخشاں تھانے کی حدود فیز8 میں کی جہاں سے درخشاں پولیس نے 2 ملزمان انور خان ولد کامل خان ، سر دار ظہیر الدین خان ولد سر دار اکرام الدین خان کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے بھتے کی پرچی و خط برآمد کر لیا، انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان کا تعلق بھتہ خور گروپ سے ہے اور ملزمان کا آبائی تعلق صوبہ خیبر پختون خواہ کے ضلع چار سدہ اور خیبر ایجنسی باڑہ سے ہے۔




انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزمان نے ایک خاتون تاجر کو فون کال کی اور خود کو تحریک طالبان پاکستان کا ظاہر کر کے70 لاکھ روپے بھتہ طلب کیااور بعدازاں ملزمان نے خاتون تاجر کے دفتر کے باہر دھمکی آمیز خط بھی چسپاں کیا تھا ،انھوں نے بتایا کہ گرفتار ملزم سردار ظہیر الدین خان کراچی آنے کے بعد فائیو اسٹار ہوٹلوں اور پوش علاقوں میں چند دن رہائش رکھنے کے بعد واپس چلا جاتا تھا۔

جبکہ ملزم انور خان دھمکی آمیز پرچی تحریر کرتا تھا، ایس پی کلفٹن نے بتایا کہ تیسری اور آخری کارروائی محمود آباد پولیس نے کی انھوں نے بتایا کہ محمود آباد پولیس نے گزشتہ ماہ28 نومبر کو کشمیر کالونی اور چنیسر گوٹھ فٹبال گراؤنڈ کے قریب فائرنگ کر کے قتل کیے جانے والے38 سالہ رفاقت حسین اور 22 سالہ عبداﷲ ولد سعید خان کے قتل میں ملوث2 ملزمان پولیس اہلکار واحد اور طاہر کو گرفتار کر کے ان کے قبضے سے آلہ قتل 2 پستول برآمد کر لی، انھوں نے بتایا کہ مقتول رفاقت حسین سابق پولیس اہلکار اور ملزم طاہر کا رشتے دار تھا، انھوں نے بتایا کہ مقتول رفاقت حسین اور ملزم طاہر کے درمیان خاندانی تنازع چل رہا تھا جس پر ملزم طاہر نے اپنے رشتے دار رفاقت حسین کو فائرنگ کر کے قتل کردیا،ملزم نے دوران تفتیش اعتراف جرم بھی کر لیا،انھوں نے بتایا کہ مقتول عبداﷲ کیفے سعید کا ملک تھا اور اس کی ملزم طاہر کی منگیتر سے دوستی تھی جس پر ملزم طاہر نے عبداﷲ کو فائرنگ کر کے قتل کیا۔
Load Next Story