پنجاب کے 7 اضلاع کے متعدد علاقوں میں لاک ڈاؤن کی منظوری

عوام کی رہنمائی کے لیے لاک ڈاؤن سے قبل متاثرہ علاقوں کی فہرست میڈیا میں جاری کی جائے گی، چیف سیکریٹری کی ہدایت

لاہور کے 61 علاقے بند کرنے کی بھی منظوردی گئی ہے۔ فوٹو، فائل

پنجاب کے 7 اضلاع کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کرنے کی منظوری دے دی گئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق چیف سیکرٹری پنجاب جواد رفیق ملک کی سربراہی میں اہم اجلاس ہوا جس میں لاہور سمیت گوجرانوالہ، فیصل آباد، سیالکوٹ، گجرات، ملتان اور راولپنڈی کے مختلف علاقوں میں لاک ڈاؤن کرنے کی منظوری دی گئی۔ چیف سیکریٹری پنجاب نے لاہور کے 61 علاقوں کو مکمل طور پر بند کرنے کی بھی منظوری دی۔

دوسری جانب چیف سیکر ٹری پنجاب جواد رفیق ملک نے این سی او سی کی ہدایات پر عملدرآمد سے متعلق احکامات جاری کردیے ہیں۔ ان احکامات کے مطابق ڈپٹی کمشنر اور ڈی پی اوز کو سیل کیے گئے علاقوں کی تعداد میں اضافہ کرنے سے متعلق اختیارات سونپ دیئے گئے ہیں۔

یہ بھی پڑھیے: اسمارٹ لاک ڈاؤن: کراچی، لاہور، اسلام آباد میں درجنوں علاقے سیل کرنے کا فیصلہ

چیف سیکریٹری کا کہنا تھا کہ کورونا وائرس سے زیادہ متاثرہ علاقوں کو لاک ڈاؤن کرنے کے اختیارات ڈپٹی کمشنرز کو دیئے جائیں گے۔ لاک ڈاؤن کئے گئے علاقوں کے داخلی اور خارجی راستے پر پولیس تعینات کی جائے گی۔ آرمی اور رینجرز سٹینڈ بائی پر ہوں گے۔ عوام کی رہنمائی کیلئے لاک ڈاؤن سے قبل متاثرہ علاقوں کی فہرست میڈیا میں جاری کی جائے گی۔ لاک ڈاؤن سے متاثر افراد کی مدد کیلئے ٹائیگرفورس کی خدمات لی جائیں گی۔


انہوں نے کہا کہ سول اور پولیس افسران کو ملکر کورونا وائرس کی روک تھام سے متعلق ایس او پیز پر عملدرآمد کرانا ہوگا، صرف لاہور میں 3000پولیس اہلکار لاک ڈاؤن والے علاقوں میں تعینات ہوں گے۔ چیف سیکرٹری نے افسران کو ہدایت کی کہ لاک ڈاؤن والے علاقوں میں شہریوں کو اشیاء ضروریہ کی دست یابی اور طبی عملے تک رسائی کو یقینی بنایا جائے۔

یہ بھی پڑھیے: ملک بھر سے 20 شہروں کے چند مقامات کو مکمل بند رکھنے کا فیصلہ

انہوں نے دیگرشہروں کے ڈپٹی کمشنر کو اپنے کمشنرز کے ذریعے علاقوں کی نشاندہی کرکے بدھ کی صبح دس بجے فہرستیں ارسال کرنے کی ہدایت بھی جاری کی ہے۔ لاہور میں آج رات 12بجے جبکہ دیگر شہروں میں کل رات 12بجے سے لاک ڈاؤن ہوگا۔

''فٹنس کلب اور کھیل کے میدان بھی بند رہیں گے''

وزیر کھیل پنجاب رائے تیمور بھٹی نے کہا ہے کہ لاہور سمیت صوبے بھر میں میں سیل کئے جانے والے علاقوں میں تمام فٹنس کلب اور سنوکر کلب گرائونڈز بند رہیں گے۔ پنجاب کے 7 اضلاع میں مختلف علاقوں کو سیل کیا جارہا ہے۔ سیل کئے جانے والے علاقوں میں ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور وہاں جمخانہ، سنوکر کلب اور میدان بھی بند رہیں گے۔
Load Next Story