اہم مارکیٹوں کی ممکنہ بندش شہر کے ساتھ دشمنی ہے تاجر

مارکیٹوں میں لوگ محدود وقت کے لیے آتے ہیں یہاں وائرس کی منتقلی کے امکانات بہت کم ہیں، رضوان عرفان

کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش ہے، تاجر لاک ڈاؤن کو موثر بنانے میں حکومت کا ساتھ دیں گے، حکیم شاہ۔ فوٹو: فائل

چھوٹے تاجروں نے کورونا کی آڑ میں اہم مارکیٹوں کی ممکنہ طور پر دوبارہ بندش کوکراچی کے ساتھ دشمنی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ دنیا بھرمیں کاروباری سرگرمیاں بحال جبکہ کراچی میں بند کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

کراچی الیکٹرانکس ڈیلرز ایسوسی ایشن کے صدر رضوان عرفان نے کہاکہ کہ مارکیٹوں میں لوگ محدود وقت کیلیے آتے ہیں یہاں وائرس کی منتقلی کے امکان بہت کم ہیں، ڈھائی ماہ کاروبارکی بندش کے سبب لوگ بیروزگار اور مقروض ہوچکے ہیں،ڈھائی ماہ تک بندکیے جانے والے کاروباری نقصانات کا ازالہ کون کرے گا۔


انھوں نے کہا کہ آبادیوں میں میل جول پرکوئی پابندی نہیں جو مرض کے پھیلاؤ کا گڑھ ہیں ،کراچی کے ساتھ سوتیلی ماں جیساسلوک کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا۔

آل سٹی تاجر اتحاد کے چیئرمین حکیم شاہ نے کہاکہ چھوٹے تاجروں کو بھی کورونا کے بڑھتے ہوئے کیسز پر تشویش ہے جو لاک ڈاؤن کو موثر بنانے کے لیے وفاق اور سندھ حکومت کا ساتھ دیں گے لیکن حکومت چھوٹے تاجروں کو ریلیف دینے کا اپنا وعدہ پورا کرے، ممکنہ طور پر مارکیٹیں بند ہونے سے لاک ڈاؤن سے متاثرہ تاجروں کے کاروبار بند ہونے کا خدشہ ہے۔
Load Next Story