مریض کی آواز سن کر ہارٹ فیل کا اندازہ لگانے والی ایپ

اسرائیلی کمپنی کی تیارکردہ ایپ سانس میں آواز اور اس کے وقفے کو نوٹ کرکے دل کی کیفیت کا اندازہ لگاسکتی ہے

اسرائیلی ماہرین نے ہارٹ فیل کا اندازہ لگانے والی ایک ایپ تیار کی ہے۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
دنیا بھر میں کئی مریض ایسے ہیں جو دھیرے دھیرے دل کی ناکامی یا ہارٹ فیلیئر کی جانب بڑھ رہے ہیں اور اس کی پہلی علامت میں پھیپھڑوں کے اندر مائع جمع ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ اسی بنا پر ایک اسمارٹ فون ایپ بنائی گئی ہے جو مریض کی آواز سن کر اس کیفیت کا اندازہ لگانے میں مدد فراہم کرسکتی ہے۔

ہم جانتے ہیں کہ ہارٹ فیل کی ابتدائی علامات میں سانس کی قلت سرِ فہرست ہے کیونکہ پھیپھڑوں کے اندر مائع جمع ہونا شروع ہوجاتا ہے۔ اس ضمن میں اسرائیلی کمپنی، کارڈیو میڈیکل نے 'کارڈیو ہیئراو' نام کی ایک ایپ تیار کی ہے ۔ یروشلم میں واقع ہارٹ انسٹی ٹیوٹ کے پروفیسر آفر عامر اور ان کے ساتھیوں نے اسے لگ بھگ 40 مریضوں پر آزمایا ہے۔


یہ سارے مریض ہارٹ فیل کی شدید ترین کیفیت کے شکار تھے اور پھیپھڑے مائعات سے بھرچکے تھے۔ اس کے بعد مریض کو پانچ پانچ جملے بولنے کو کہا جن کی گفتگو ریکارڈ بھی کی جاتی رہی۔ پہلے ان کی گفتگو مرض کی شدت میں ریکارڈ کی گئی اور دوسری مرتبہ ہسپتال میں علاج کے بعد صحت بہتر ہونے کے بعد آواز ریکارڈ کی گئی جب ان کے پھیپھڑے قدرےتندرست اور مائعات سے صاف ہوچکے تھے۔

لیکن بعض مریضوں کی آواز ایپ کے ذریعے ہر روز بھی ریکارڈ کی گئی اور بڑی حد تک صرف آواز کی بدولت ہی ان کے دل اور پھیپھڑے کی کیفیت کو نوٹ کیا گیا ہے۔ اس طرح گھر بیٹھے ایک مریض اپنی آواز اور بات کرنے کے انداز سےڈاکٹروں کو دل اور پھیپھڑوں کی کیفیت سے آگاہ کرسکتا ہے۔
Load Next Story