ماضی میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے احتساب سے خوفزدہ ہیں وزیراعلیٰ پنجاب

اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں، عثمان بزدار

اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں، عثمان بزدار . فوٹو : فائل

وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ماضی میں قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے احتساب سے خوفزدہ ہیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب نے اپنے ایک بیان میں اپوزیشن کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ اپوزیشن جماعتیں صرف اپنی کرپشن بچانے کا ایجنڈا لے کر چل رہی ہیں، ماضی کے ادوار میں بے حساب کرپشن کو قوم ابھی تک نہیں بھولی، کرپٹ عناصر ملک وقوم کے مجرم ہیں اور قومی وسائل کی لوٹ مار کرنے والے احتساب سے خوفزدہ ہیں تاہم ملک کی بنیادوں کو کھوکھلا کرنے والے ان عناصر کو حساب دینا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں نے کورونا پر بھی ڈیڑھ انچ کی مسجد بنائی ہوئی ہے، پراپیگنڈا کرنے والے عناصر عوام کو تنہا چھوڑ کر زبانی جمع خرچ پر لگے ہوئے ہیں اور ڈرائنگ روم میں بیٹھ کر دعوے کرنے والے بے عملی کا نمونہ پیش کر رہے ہیں، انتہائی نازک مرحلے پر اپوزیشن جماعتوں کا منفی رویہ قابل افسوس بھی ہے اور قابل مذمت بھی۔

عثمان بزدار نے کہا کہ لیپ ٹاپ کے سامنے بیٹھ کر فوٹو سیشن کرنے والوں نے اپنے دور میں شعبہ صحت کا بیڑا غرق کیا، ماضی میں اسپتالوں پر توجہ دی گئی نہ دیہی و بنیادی مراکز صحت پر بس سستی شہرت کے شوقین شوبازیوں میں مصروف رہے اور عوام معیاری علاج کے لئے ترستے رہے، اپوزیشن والے اپنے دور میں شعبہ صحت کے لئے عملی اقدامات کرتے تو انہیں علاج کیلئے باہر نہ جانا پڑتا۔

انہوں نے کہا کہ ہماری حکومت نے پہلے دن سے ہی ہیلتھ کیئر سسٹم پر فوکس کیا ہے اور ایسا ہیلتھ سسٹم لایا جا رہا ہے جہاں عام آدمی کو بھی معیاری علاج معالجہ ملے گا۔


وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کی قیادت میں موجودہ حکومت پاکستان کی تاریخ کی شفاف ترین حکومت ہے، انہوں نے کورونا سے نمٹنے کے لئے بروقت اجتماعی فیصلے کیے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ کورونا وباء سے متعلق اقدامات کے حوالے سے کہا کہ وائرس کا پھیلاؤ روکنے کے لئے شدید متاثرہ علاقے سیل کیے گئے ہیں اور پنجاب میں حالیہ پابندیوں پر عملدرآمد کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں، ایس او پیز پر عملدرآمد میں ہی شہریوں کی حفاظت ہے، شہری گھروں سے باہر نکلتے وقت ماسک لازمی پہنیں کیوں کہ کورونا کا پھیلاؤ روکنے کیلئے شہریوں کا تعاون ناگزیر ہے۔

انہوں نے کہا کہ کورونا سے شدید متاثرہ علاقوں کو آئندہ بھی سیل کیا جائے گا، احتیاط کے ساتھ زندگی بسر کرنے سے ہی زندگیوں کو محفوظ بنایا جا سکتاہے۔

عثمان بزدار نے کہا کہ پنجاب میں روزانہ کی بنیاد پر کورونا کے ٹیسٹ کی استعداد کار 12 ہزار ہو گئی ہے، لاہور، راولپنڈی، ملتان اور دیگر شہروں کے اسپتالوں میں ہائی ڈیپنڈنسی یونٹس کی تعداد میں اضافہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں کورونا کی ادویات بلیک کرنیوالے عناصر کے خلاف بلاامتیاز کارروائی جاری ہے، ادویات یا انجکشن کی قلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔

Load Next Story