مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوج کی فائرنگ سے 2 کشمیری نوجوان شہید

مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے

مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے۔ فوٹو : فائل

ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج کی فائرنگ کے نتیجے میں مزید 2 کشمیری شہید ہوگئے۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق ضلع اسلام آباد کے علاقے واگھاما میں بھارتی فوج نے سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کرکے مزید 2 کشمیری نوجوانوں کو شہید کردیا جب کہ علاقے میں اب بھی بھارتی فورسز کا آپریشن جاری ہے۔ اس کے علاوہ علاقے میں انٹرنیٹ سروس بند کرکے داخلی اور خارجی راستوں کو بھی بند کردیا گیا ہے۔


گزشتہ روز بھی ضلع اسلام آباد میں بھارتی فوج اور پولیس نے داخلی و خارجی راستوں کو بند کر کے سرچ آپریشن کیا، قابض بھارتی فوج نے نام نہاد سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ کر کے 3 نہتے کشمیری نوجوانوں کو شہید کر دیا تھا۔

واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں رواں ماہ بھارتی فوج کی فائرنگ سے شہید ہونے والوں کی تعداد 27 ہوگئی ہے جب کہ کئی علاقوں میں تاحال کرفیو نافذ ہے اور انٹرنیٹ سروس سمیت بنیادی انسانی حقوق معطل ہیں۔
Load Next Story