اسلام آباد سمیت ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا آغاز

کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، پنجاب میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ، پنجاب میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

اسلام آباد سمیت ملک کے اکثر بالائی علاقوں میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوگیا۔

مون سون بارشوں کے نتیجے میں ہفتہ و اتوار کو پنجاب اور خیبر پختونخوا کے ندی نالوں اور بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے جبکہ اس دوران کشمیر، گلگت بلتستان اور کے پی کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا بھی امکان ہے۔

گرمی کے ستائے شہریوں کیلئے اچھی خبر یہ ہے کہ جڑواں شہروں اسلام آباد و راولپنڈی سمیت ملک کے اکثر علاقوں میں مون سون بارشوں کا آغاز ہوچکا۔ بارش برسنے سے جڑواں شہروں کا موسم خوشگوار ہوگیا۔


محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون بارش برسانے والی ہوائیں اب شدت سے ملک کے بالائی و وسطی علاقوں میں داخل ہوچکی ہیں جبکہ آج ہفتہ کو مون سون ہواوں کی شدت میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کے ترجمان راشد بلال کا کہنا ہے کہ آج سے منگل تک کشمیر ، گلگت بلتستان ، پنجاب اور خیبر پختونخوا میں آندھی و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔اس عرصے کے دوران موجودہ گرم و مرطوب موسمی صورتحال کی شدت میں کمی کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق بلوچستان کے مشرقی علاقوں بشمول ژوب، بارکھان،لورالائی، موسی خیل،سبی اور کوہلو جبکہ سندھ کے کچھ حصوں سکھر، لاڑکانہ، جیکب آباد، شہید بینظیر آباد، اور میر پور خاص میں بھی ہفتہ سے پیر کے دوران گرد آلود ہواؤں و گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

موسلا دھار بارش سے ہفتہ و اتوار کو بڑے شہروں میں اربن فلڈنگ جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
Load Next Story