تحریک انصاف کی ایم پی اے عظمی کاردار کی پارٹی رکنیت ختم

عظمی کاردار کی وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول کے حوالے سے آڈیو کال وائرل ہوئی تھی

پارٹی ڈسپلن کمیٹی نے عظمی کاردار کی بنیادی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔ فوٹو:فائل

پارٹی ڈسپلن کمیٹی نے عظمی کاردار کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عظمی کاردار کو پارٹی سے نکال دیا گیا ہے جب کہ پارٹی ڈسپلن کمیٹی نے عظمی کاردار کی بنیادی پارٹی رکنیت ختم کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیا۔


عظمی کاردار کی وزیر اعظم عمران خان اور خاتون اول کے حوالے سے آڈیو کال وائرل ہوئی تھی، جس پر پارٹی ڈسپلن کمیٹی نے عظمی کاردار کو ذاتی حثیت میں پیش ہوکر وضاحت دینے کا کہا تھا، لیکن عظمی کاردار ڈسپلن کمیٹی کے سامنے پیش بھی نہ ہوئیں جس پر انہیں 15 جون کو شوکاز نوٹس جاری کیا گیا، جس میں انہیں 17 جون کو کمیٹی کے سامنے پیش ہوکر وضاحت کی ہدایت کی تھی، تاہم وہ پھر بھی کمیٹی کے سامنے پیش نہ ہوئیں جس پر ان کی پارٹی رکنیت ختم کردی گئی۔

دوسری جانب پارٹی رکنیت کی معطلی پر عظمی کاردار کا کہنا ہے کہ ابھی تک پارٹی قیادت کی جانب سے باضابطہ کسی فیصلے سے آگاہ نہیں کیا گیا، اور نہ ہی مجھے ای میل یا کورئیر موصول ہوا ہے، پارٹی رکنیت معطلی کی خبر میڈیا سے ملی ہے، وکلاء سے مشورے کے بعد آیندہ کے لائحہ عمل سے آگاہ کروں گی۔

 
Load Next Story