شہریوں کو گرفتار کرکے لاپتا کردینا انہیں انصاف کے بنیادی حق سے محروم کرنا ہے الطاف حسین

ہمارے ملک میں جمہوری دور ہونے کے باوجود آج بھی مختلف شکلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، الطاف حسین

جمہوری دور ہونے کے باوجود آج بھی مختلف شکلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں، الطاف حسین فوٹو: فائل

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ شہریوں کو گرفتار کرکے لاپتا کردینا اور عدالتوں میں پیش نہ کرنا انہیں انصاف کے حصول کے بنیادی حق سے محروم کرنا ہے۔


انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں الطاف حسین نے کہا کہ آج اکیسویں صدی میں دنیا ترقی کے میدان میں کہاں سے کہاں پہنچ گئی ہے لیکن افسوس کی بات ہے کہ ہمارے ملک میں جمہوری دور ہونے کے باوجود آج بھی مختلف شکلوں میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں کی جارہی ہیں جس کی سب سے بڑی اور سنگین مثال سیاسی کارکنوں اور دیگر شہریوں کو گرفتار کرکے لاپتا کیا جانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شہریوں کو گرفتار کرکے لاپتا کردینا اور عدالتوں میں پیش نہ کرنا انہیں انصاف کے حصول کے بنیادی حق سے محروم کرنا ہے۔

الطاف حسین کا کہنا تھا کہ آج ملک میں رائج فرسودہ جاگیردارانہ نظام کے باعث کاروکاری، غیرت کے نام پر قتل، ونی، سومار اور دیگر فرسودہ رسومات کے ذریعے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کا عمل جاری ہے، جب تک ان معاملات کا سدباب نہیں کیا جاتا اس وقت تک پاکستان میں انسانی حقوق کی صورتحال بہتر نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ معاشرتی اقدار کے فروغ، انصاف ومساوات کے نظام کے قیام اور معاشرے کے تمام طبقات میں اتحادو یکجہتی کے لئے انسانی حقوق کا احترام لازمی امر ہے۔

Recommended Stories

Load Next Story