کراچی میں ’’را‘‘ کا ایجنٹ 2 ساتھیوں سمیت گرفتار

ایف آئی اے حوالہ ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا پردہ چاک کرنے میں بھی کامیاب

ظفر خان کراچی میں محکمۂ فائر بریگیڈ کا ملازم ہے فوٹو: فائل

ایف آئی اے نے 'را' سے تعلق کے الزام میں ایم کیو ایم لندن کے مبینہ کارکن کو 2 ساتھیوں سمیت گرفتار کر لیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ایف آئی اے کے انسدادِ دہشت گردی ونگ نے کراچی میں سوک سینٹر، لیاقت آباد اور خالد بن ولید روڈ پر مختلف کارروائیوں کے دوران 3 افراد کو حراست میں لیا ہے۔ گرفتار ہونے والوں کی شناخت ظفر خان، سفیان اور جاوید میمن کے نام سے ظاہر کی گئی ہے۔


ایف آئی اے حکام کا کہنا ہے کہ ظفر خان کراچی میں محکمۂ فائر بریگیڈ کا ملازم ہے اور اس کا تعلق ایم کیوایم لندن سے ہے، ملزم نے بھارت میں 14 ماہ تک دہشت گردی کی خصوصی تربیت لی تھی، ملزم بم بنانے اور جدید ہتھیار چلانے کا ماہر ہے، ظفر خان 'را' کی ایماء پر بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ میں بھی ملوث رہا ہے۔

ظفر خان نے دوران تفتیش حوالہ اور ہنڈی کے بین الاقوامی خفیہ نیٹ ورک کا بھی پردہ چاک کیا ہے۔ تفتیش کی روشنی میں 'را' کے سلیپر سیل کو فنڈز فراہم کرنے والی منی ایکسچینج کمپنی کے 2 ملازمین کو بھی گرفتار کیا گیا ہے۔ سفیان منی ایکسچینج کمپنی کا ڈائریکٹر اور جاوید میمن منیجر ہیں۔ ملزمان کے ساتھیوں کی تفصیلات ملک کے تمام ایئر پورٹس پر فراہم کر دی گئی ہیں، جبکہ ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرکے مزید تحقیقات شروع کردی گئی ہیں۔
Load Next Story