عید الاضحی کے دوران کورونا ایس او پیز پرعمل درآمد یقینی بنایا جائے وزیراعظم

وفاقی وزیر داخلہ سے ملاقات کے دوران انتظامی اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا

وزیر اعظم نے محرم الحرام کے دوران امن و امان یقینی بنانے کے لیے بھی ہدایات جاری کردیں۔ فوٹو، فائل

وزیرِ اعظم عمران خان سے وفاقی وزیرِ داخلہ اعجاز احمد شاہ نے ملاقات کی ہے جس میں عید الاضحیٰ کے حوالے سے مرتب کیے جانے والے ایس او پیز اور ان پر عمل درآمد سے متعلق انتظامات پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔


ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیرِ داخلہ نے وزیرِ اعظم کو ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے لاہور اور پشاور کے دورے ، صوبائی حکام سے ملاقاتوں اور کوئٹہ اور کراچی کے آئندہ دوروں کے حوالے سے تفصیلات سے آگاہ کیا۔ وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ عیدالضحیٰ پر ایس او پیز پر عمل درآمد کے حوالے سے تمام انتظامی اقدامات کو یقینی بنایا جائے۔

وزیرِ اعظم نے ہدایت کی کہ محرم کے دوران امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے بھی ایس او پیز مرتب کئے جائیں اور ان پر عمل درآمد یقینی بنایا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کورونا کے پھیلاؤ کو روکنے اور خصوصاً عیدالضحی کے دوران کے پھیلاؤ کی روک تھام کے لئے کیے جانے والے انتظامات کو سراہا۔
Load Next Story