گرمی کی شدت سے بچنے کیلیے چمڑہ سازی کی صنعت کا آگاہی مہم شروع کرنے کا فیصلہ

گزشتہ سال گرمی کے باعث کھالیں جمع کرنے والے اداروں اور ٹینری انڈسٹری کو 1.5 ارب روپے کا نقصان پہنچا تھا

گزشتہ سال گرمی کے باعث کھالیں جمع کرنے والے اداروں اور ٹینری انڈسٹری کو 1.5 ارب روپے کا نقصان پہنچا تھا

عیدالاضحی کے موقع پر بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گرمی کی شدت سے ممکنہ نقصانات سے بچنے کے لیے چمڑہ سازی کی صنعت نے یونیڈو اور گلوبل انوائرمینٹ فنڈ کے تعاون سے کھالوں کو محفوظ بنانے کے لیے پروگرام تشکیل دیدیا۔

پروگرام کے تحت عیدالاضحی کے موقع پر کھالیں جمع کرنے والے این او سی کے حامل اداروں، این جی اوز اور مدارس کو کھالوں کو گرمی کی حدت سے بچانے اور ٹینریز تک ترسیل کومحفوظ بنانے کے رہنما اصول سے متعلق آگاہی دی جائے گی۔


پاکستان ٹینرز ایسوسی ایشن کے صدر گلزارفروز نےایکسپریس کو بتایاکہ گزشتہ سال بھی بجلی کی لوڈشیڈنگ اور گرم موسم کے باعث عیدالاضحی کے سیزن میں کھالیں جمع کرنے والے اداروں اور ٹینری انڈسٹری کو1.5ارب روپے کا نقصان پہنچا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ قربانی کی کھالوں کو محفوظ کرنے کے اس آگاہی پروگرام پر پیر سے عمل درآمد شروع ہوجائے گا۔

مہم کے تحت ٹینریز مالکان کو بھی کھالوں کی پروسیسنگ اورکلینر پروڈکشن کے استعمال کےبارے میں آگاہی دی جائے گی کیونکہ رواں سال کورونا وباء کی وجہ سے لاک ڈاﺅن اور جاری صنعتی حالات کی وجہ سے کھالوں کو جمع کرکے انہیں محفوظ بنانےاور پروسیس کرنے کا عمل متاثر ہونے کے خدشات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں عیدالاضحی کے موقع پرلاکھوں مویشیوں کی قربانی کی جائے گی جن کی کھالوں کو صحیح حالت میں لیدر انڈسٹری تک پہنچا کرملک کے قیمتی زرمبادلہ کوبھی تحفظ فراہم کرنا ہے۔
Load Next Story