پاکستان نے افغان صدرکوامریکا کےساتھ سیکیورٹی معاہدہ کرنےکامشورہ دیا امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز

نواز شریف نے حامد کرزئی پر زور ڈالاہے کہ وہ امریکہ کے ساتھ سمجھوتہ کرلیں، جیمز ڈوبنز۔

روس اورچین بھی افغان صدر پر امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں جبکہ ایران معاہدے کے خلاف ہے۔ جیمز ڈوبنز۔ فوٹو:فائل

امریکا کے نمائندہ خصوصی برائے پاکستان جیمز ڈوبنز نے کہا ہے کہ پاکستانی وزیراعظم نواز شریف نے افغان صدر حامد کرزئی کو امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ کرنے کا مشورہ دیا ہے۔


واشنگٹن میں بریفنگ کے دوران امریکی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم پاکستان نے افغان صدر کو 2014 کے بعد افغانستان میں امریکی فوج رکھنے کا سمجھوتہ کرنے کو کہا ہے، نواز شریف نے حٓامد کرزئی پر زور ڈالا ہےکہ وہ امریکہ کے ساتھ سمجھوتہ کرلیں۔ ایک سوال کے جواب میں امریکی نمائندہ خصوصی جیمز ڈوبنز کا کہنا تھا کہ پاکستان کے علاوہ روس اور چین بھی افغان صدر پر امریکہ کے ساتھ سیکیورٹی معاہدہ کرنے پر دباؤ ڈال رہے ہیں جبکہ ایران سیکیورٹی معاہدے کے خلاف ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ رواں ہفتے حامد کرزئی بھارت کا دورہ کریں گے، امید ہے کہ بھارت افغان صدر کو امریکہ کے ساتھ سیکیوٹی معاہدہ کرنے پر راضی کرلے گا۔

واضح رہے کہ امریکا افغان صدر حامد کرزئی پر زور ڈال رہا ہے کہ وہ اس سال کے اختتام سے قبل امریکا کے ساتھ سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کر دیں اور افغان گرینڈ جرگہ کے اراکین بھی افغان صدر کو سیکیورٹی معاہدے پر دستخط کا مشورہ دے چکے ہیں تاہم حامد کرزئی کا کہنا ہے کہ وہ امریکا کے ساتھ کسی بھی معاہدے پر دستخط 2014 کے صدارتی انتخابات کے بعد کریں گے۔
Load Next Story