پریکٹس میچ بیٹنگ کی ناکامی نے خطرے کا الارم بجا دیا

ٹیسٹ ٹیم کے پاکستانی امیدوار 4 روزہ انٹر اسکواڈ پریکٹس میچ میں اپنے ہی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے

عابد علی، شان مسعود، اظہر علی اور اسد شفیق ڈبل فیگر تک بھی رسائی نہ حاصل کر سکے ۔ فوٹو : فائل

پریکٹس میچ میں بیٹنگ کی ناکامی نے خطرے کا الارم بجا دیا، ٹیسٹ ٹیم کے پاکستانی امیدوار اپنے ہی بولرز کے سامنے ریت کی دیوار ثابت ہوئے،گرین الیون صرف113 رنز پر ڈھیر ہو گئی،4 روزہ انٹر اسکواڈ پریکٹس میچ میں بابر اعظم 32، محمد رضوان 18 اور شاداب خان 11رنز کی مزاحمت کر پائے، عابد علی، شان مسعود، اظہر علی اور اسد شفیق ڈبل فیگر تک رسائی نہ حاصل کر سکے۔

ٹیم گرین میں کم و بیش ان تمام کرکٹرز کو شامل کیا جو انگلینڈ کے خلاف پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے،پلیئنگ الیون میں عابد علی، شان مسعود، اظہر علی(کپتان)، بابر اعظم، اسد شفیق، محمد رضوان، شاداب خان، یاسر شاہ، شاہین شاہ آفریدی اور محمد عباس کو جگہ ملی، ٹیم وائٹ میں وہ تمام کھلاڑی شامل تھے جنھیں دوسرا انتخاب قرار دیا جا سکتا ہے، اس الیون میں فخر زمان، امام الحق، حیدر علی، افتخار احمد، فواد عالم، سرفراز احمد(کپتان)، سہیل خان، فہیم اشرف، کاشف بھٹی، عثمان شنواری اور عمران خان سینئر کو جگہ ملی۔ حیرت کی بات یہ ہے کہ ''بی'' ٹیم کی بولنگ نے ممکنہ ٹیسٹ سائیڈ کی ٹاپ آرڈر کے پرخچے اڑا دیے،وائٹس نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔

گرین ٹیم نے پہلی وکٹ تیسرے اوور میں ہی گنوا دی، سہیل خان نے عابد علی کو وکٹوں کے پیچھے موجود سرفراز احمد کی مدد سے دھر لیا، پیسر نے اپنے اگلے اوور میں شان مسعود(9) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا، سہیل خان نے تیسرا شکار کرنے میں بھی زیادہ دیر نہیں لگائی، اس بار اظہرعلی(6) کو وکٹوں کی جانب بڑھتی گیند پیڈ پر وصول کرنے کی سزا ملی، صرف 23 رنز کے سفر میں 3 وکٹیں گرنے کے بعد بھی بیٹنگ کو استحکام حاصل نہ ہوا، بابر اعظم قدرے اعتماد سے کھیلے مگر اسد شفیق صرف9 رنز بنا کر ساتھ چھوڑ گئے، فہیم اشرف نے وکٹ کے لیے افتخار احمد کا سہارا لیا۔لنچ پر ٹوٹل 4 وکٹ پر 56تھا،وقفے کے بعد بھی بیٹنگ لائن کی تباہ کاری نہ رکی، عمران خان سینئر نے بابر اعظم (32) کا شکار کرلیا۔


معاونت سرفرازاحمد نے کی،سہیل خان نے شاداب خان کو11 پر بولڈ کر دیا، فہیم اشرف نے محمد رضوان 18کی بیلز فضا میں بکھیر دیں،سہیل خان نے شاہین شاہ آفریدی(3) کو ایل بی ڈبلیو کر دیا،نسیم شاہ ابھی4 رنز بنا پائے تھے کہ فواد عالم کی ڈائریکٹ تھرو پر رن آؤٹ ہو گئے، محمد عباس(2) نے بولر کاشف بھٹی کو ہی کیچ دے دیا،پوری ٹیم صرف 113 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

سہیل خان نے 37 رنز دے کر 5 شکار کیے، فہیم اشرف نے صرف 16 رنز کے بدلے2 وکٹیں حاصل کیں، عمراں خان سینئر اور کاشف بھٹی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔جواب میں وائٹ ٹیم نے فخر زمان(22) کی وکٹ 41 کے مجموعی اسکور پر گنوائی، انھیں نسیم شاہ نے ایل بی ڈبلیو کیا، امام الحق الحق 19 رنز بنانے کے بعد نسیم شاہ کی گیند بائیں ہاتھ پر لگنے سے زخمی ہوگئے۔

ان کو میدان سے باہر جانا پڑا، افتخار احمد نے فواد عالم نے ہمراہ ٹوٹل77 پہنچایا تھا کہ یاسر شاہ کی گیند پر محمد رضوان کے ہاتھوں اسٹمپڈ ہوگئے،دن کا کھیل ختم ہونے تک فواد عالم 18 اور سرفراز احمد 6 رنز پر کھیل رہے تھے،وائٹ ٹیم کا مجموعہ 3 وکٹ پر 88 تھا۔
Load Next Story