نارتھ کراچی نجی ہاؤسنگ سوسائٹی میں آوارہ کتوں کا قربانی کے جانور پر حملہ ویڈیو منظرعام پر

سوسائٹی کے مکین راتوں کو گھروں سے نکلتے ہوئے خوف زدہ، کتوں سے بچنے کی کوشش میں ایک نوجوان جاں بحق ہوچکا

سوسائٹی کے مکین راتوں کو گھروں سے نکلتے ہوئے خوف زدہ، کتوں سے بچنے کی کوشش میں ایک نوجوان جاں بحق ہوچکا (فوٹو : اسکرین گریب)

نارتھ کراچی بابا موڑ پر واقع نجی ہاؤسنگ سوسائٹی صائمہ عربین ولاز میں آوارہ کتوں نے قربانی کے جانور پر حملہ کرکے زخمی کردیا جسے فوری ذبح کرنا پڑا، سوسائٹی میں کچھ دن قبل کتوں کے حملے سے بچنے کی کوشش میں موٹر سائیکل سوال بھی جاں بحق ہو چکا ہے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق نجی ہاؤسنگ سوسائٹیز میں عوام کے استحصال اور قواعد و ضوابط کی خلاف ورزیاں عروج پر ہیں، رہائشی افراد سے یوٹیلیٹی و سیکیورٹی کے نام پر رقومات وصول کی جاتی ہیں تاہم کسی بھی ہاؤسنگ سوسائٹی میں انتظامیہ عوام کو سہولیات فراہم کرنے سے قاصر ہے۔

ایسا ہی واقعہ نارتھ کراچی بابا موڑ پر واقعہ نجی ہاؤسنگ سوسائٹی صائمہ عربین ولاز میں پیش آیا جس میں قربانی کے جانور پر کتوں کے حملے کی ویڈیو منظرعام پر آگئی، یہاں رات کے وقت کتوں کا راج ہے اور عوام گھروں سے نکلتے ہوئے خوف زدہ رہتے ہیں، انتظامیہ کو کئی بار لوگوں نے شکایت کی مگر کوئی شنوائی نہیں ہوئی۔

سوسائٹی کے بلاک ایچ میں رونما ہونے والے اس افسوس ناک واقعے میں آوارہ کتوں نے قربانی کے بکرے پر حملہ کرکے اسے شدید زخمی کردیا۔ تین سے چار کتوں نے آدھی رات کے وقت بکرے پر حملہ کیا جس کی وجہ سے بکرے کی ٹانگ ٹوٹ گئی اور بکرے کی گردن پر گہرے زخم بھی آگئے اور اس واقعے کی ویڈیو بھی منظر عام پر آگئی۔




سی سی ٹی وی فوٹیج میں بکرے کے ساتھ گائے بھی نظر آرہی ہے تاہم آوارہ کتے گائے کو چھوڑ کر بکرے پر حملہ آور ہوئے۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ حملے کے بعد بکرا لنگڑانے لگا اور اس کی گردن سے خون بھی بہنے لگا جب کہ دوسری ویڈیو بکرے کے مالک کی ہے جس میں وہ سارے واقعے کا ذمہ دار سوسائٹی کی انتظامیہ کو قرار دے رہا ہے۔

بکرے کے مالک کا کہنا ہے کہ سوسائٹی کی محفوظ چار دیواری کے اندر آوارہ کتوں کی اس قدر بہتات سوسائٹی انتظامیہ کی نااہلی کا منہ بولتا ثبوت ہے جس کی وجہ سے یہ واقعہ پیش آیا۔



سوسائٹی کے رہائشیوں نے کہا ہے کہ یہ پہلا واقعہ نہیں ہے بلکہ کتوں کے کاٹنے اور ان کے حملہ کرنے کے اس سے قبل بھی کئی واقعات سامنے آچکے ہیں، قبل ازیں بلاک اے کا رہائشی برہان نامی نوجوان بھی رات کو کتوں کے حملے سے بچنے کی کوشش میں الیکٹرک بوتھ سے ٹکرا کر جاں بحق ہوچکا ہے۔

رہائشی افراد نے مطالبہ کیا کہ سوسائٹی کی انتظامیہ آوارہ کتوں کے خلاف فوری طور پر آپریشن کرے تاکہ اس طرح کے مزید واقعات رونما نہ ہوں۔
Load Next Story