ڈرائیونگ لائسنس برانچز کل سے کھولنے کا اعلان

مستقل (پکے) اور بک والے لائسنس کو کمپیوٹرائزڈ ڈرائیونگ لائسنس میں تبدیل کرنے کا عمل معطل رہے گا۔

آج سے ڈرائیونگ لائسنس کی ویب سائٹ اور ایپلی کیشن کے ذریعے صبح 10 سے شام 4 بجے تک اپائنمنٹ لیا جا سکے گا ۔ فوٹو : فائل

ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس سندھ نے شہریوں کی سہولت کے لیے کورونا کے باعث بند کی جانے والی کراچی سمیت سندھ بھر کی 26 ڈرائیونگ لائسنس برانچوں کو کل سے محدود پیمانے پر کھولنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں لرننگ ، تجدید اور انٹرنیشنل لائسنس جاری کیے جائیں گے۔

ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس برانچ سندھ قمرالزماں کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کے لیے آنے والے حضرات کو ڈرائیونگ لائسنس برانچ سے ایک روز قبل اپنا ٹوکن نمبر لینا لازمی ہوگا ، یہ ٹوکن نمبر ڈرائیونگ لائسنس سندھ کی ویب سائٹ www.dls.gos.pk کے ذریعے یا بنائی گئی نئی اپلیکشن DSL Oline Pre-Appointment کے ذریعے حاصل کیا جا سکتا ہے جبکہ نئی موبائل فون اپلی کیشن گوگل پلے اسٹور سے باآسانی ڈاؤن لوڈ کی جا سکتی ہے۔

اعلامیے کے مطابق آج بروز منگل 4 اگست سے ڈرائیونگ لائسنس سندھ کی ویب سائٹ www.dls.gos.pk اور DSL Oline Pre-Appointment اپلی کیشن کے ذریعے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اپائنمنٹ لیا جا سکے گا جبکہ ڈرائیونگ لائسنس برانچیں کل بروز بدھ 5 اگست سے ڈرائیونگ لائسنس کے اجرا کے لیے کھول دی جائیں گی۔


ترجمان کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کے حصول کیلیے امیدوار ایک روز قبل آن لائن پری اپائنمنٹ سسٹم کے ذریعے صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک اپنا ٹوکن نمبر ، وقت ، لائسنس برانچ اور کونسا لائسنس درکار ہے منتخب کر سکتا ہے بغیر ماسک اور دستانوں کے لائسنس برانچ میں داخل نہیں ہونے دیا جائیگا۔ لائسنس برانچ میں صرف امیدوار کو ہی آنے کی اجازت ہوگی ہر امیدوار کا ٹمپریچر (تھرمل اسکینگ) چیک کیا جائیگا۔

ڈی آئی جی ڈرائیونگ لائسنس سندھ قمرالزماں نے ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے بتایا کہ کلفٹن لائسنس برانچ میں 3 سے 4 کاؤنٹر ، ناظم آباد لائسنس برانچ میں 4 سے 5 جبکہ کورنگی لائسنس برانچ میں 3 کاؤنٹر قائم کیے گئے ہیں لائسنس برانچیں پیر تا جمعہ کھلیں گی۔

ہفتہ اور اتوار ہفتہ وار تعطیل ہوگی جبکہ لائسنس برانچز کھولنے کے اوقات کار صبح 10 بجے سے شام 4 بجے تک ہونگے، نماز جمعہ کے لیے ایک بجے سے 2 بجے تک لائسنس برانچ میں وقفہ ہوگا اپائنمنٹ پر لائسنس برانچ تشریف لائیں اور مقررہ وقت گزر جانے کے بعد ایسے امیدوار کا اپائنمنٹ کارگر نہیں رہیگا لہذا ڈرائیونگ لائسنس کے لیے آنے والے امیدوار وقت کی پابندی کریں تاکہ وہ کسی بھی زحمت یا پریشانی سے بچ سکیں۔
Load Next Story