سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے چیف جسٹس پاکستان

سپریم کورٹ کا اٹارنی جنرل کو انکوائری رپورٹ پر حکومت سے ہدایات لینے کا حکم

پاکستان میں صرف قانون کی حکمرانی ہے، جسٹس گلزار احمد فوٹو: فائل

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد نے ریمارکس دیئے ہیں کہ سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس گلزار احمد کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے فاضل بینچ نے سانحہ آرمی پبلک اسکول از خود نوٹس کی سماعت کی۔


سماعت کے موقع پر آرمی پبلک کے شہدا کے والدین عدالت میں پیش ہوئے اور کہا کہ عدالت سے درخواست ہے ہمیں انصاف چاہیے۔ واقعے میں شہید ایک بچے کی والدہ نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے بچے محفوظ نہیں، جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ آپ کے ساتھ جو ہوا بہت غلط ہوا، ایسا کسی صورت بھی نہیں ہونا چاہیےتھا، مجھے آپ سے بے انتہا ہمدردی ہے، پاکستان میں صرف قانون کی حکمرانی ہے، عدلیہ آپ کی محافظ ہے، سانحہ اے پی ایس کے ذمہ داروں کو نہیں چھوڑیں گے۔ غفلت کے مرتکب افراد کے ساتھ قانون کے مطابق نمٹیں گے۔

عدالت کے روبرو والدین کی جانب سے واقعے کی تحقیقاتی رپورٹ فراہم کئے جانے کی درخواست پر چیف جسٹس پاکستان نے ریمارکس دیئے کہ یہ خفیہ رپورٹ ہے جو ابھی ہم اٹارنی جنرل کو فراہم کررہے ہیں، سپریم کورٹ آئین اور قانون کے مطابق بات کرے گی، کمیشن ہم نے بنایا اسے منطقی انجام تک پہچائیں گے۔
Load Next Story