ملک میں آنے والے کوزندہ باد اور جانے والوں کو مردہ باد کہنا روایت بن گیا ہے چوہدری نثار

افتخار چوہدری اور اشفاق پرویز کیانی نے نے مشکل وقت میں اپنے اداروں کی قیادت کی اور انہیں نئی راہوں پر ڈالا،وزیر داخلہ

اختلاف رائے اور تنقید کی گنجائش ہر جگہ موجود ہوتی ہے , وزیر داخلہ۔ فوٹو:فائل

وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان کا کہنا ہے کہ ملک میں ہر آنے والے کو زندہ باد اور جانے والوں کو مردہ باد کہنا ایک رویت ہوگیا ہے۔

قومی اسمبلی میں نکتہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ نے کہا کہ گزشتہ دنوں ریاست کے دو انتہائی اہم اداروں کے سربراہ ریٹائر ہوئے، وہ دونوں شخصیات سابق آرمی چیف اور سابق چیف جسٹس کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، دونوں اداروں کے سربراہان نے جب اپنے اداروں کی باگ ڈور سنبھالی تو حالات گھمبیر تھے لیکن انہوں نے مشکل وقت میں اپنے اداروں کی قیادت کی اور انہیں نئی راہوں پر ڈالا جس پر وہ خراج تحسن کے مستحق ہیں۔


وفاقی وزیرداخلہ کا کہنا تھا کہ پرویز مشرف کے اقدامات کی وجہ سے پاک فوج جیسا ادارہ تنقید کی زد میں تھا لیکن جنرل ریٹائرڈ اشفاق پرویز کیانی نے فوج کی عزت بحال کرنے کے علاوہ سویلین اتھارٹی کو تسلیم اور اس کا احترام کیا۔ انہوں نے کہا کہ سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری کے کئی فیصلوں سے لوگوں کو اختلاف ہوگا لیکن ان کا عہد ایک تاریخ ساز عہد تھا۔ انہوں نے کرپشن کے خاتمے اور جمہوریت کی تقویت کے لئے اقدامات کئے۔

چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ دونوں سربراہان نے اپنے اداروں کو نئی جہتوں سے روشناس کرایا اور مختلف نئی راہیں اپنائیں، نئے سربراہان کو اپنے کردار سے ثابت کرنا ہوگا کہ وہ بھی اپنے پیش روؤں کی طرح تاریخ ساز کردار ادا کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اختلاف رائے اور تنقید کی گنجائش ہر جگہ موجود ہوتی ہے لیکن ملک میں یہ ایک روایت ہے کہ ہر آنے والے کو زندہ باد اور جانے والوں کو مردہ باد کہاجاتا ہے ۔ وہ دونوں سربراہان کو خوش آمدید اور جانے والوں کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں۔
Load Next Story