بیروت میں فوٹو شوٹ کرانے والی دلہن پر دھماکے کے وقت کیا گزری ویڈیو وائرل

دھماکا کے بعد دلہا نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلہن کو محفوظ مقام پر منتقل کیا

دھماکا کے بعد دلہا نے حاضر دماغی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دلہن کو محفوظ مقام پر منتقل کیا، فوٹو : ویڈیو گریب

لبنان میں ایک دلہن دیدہ زیب پھولوں اور چمکتے برقی قمقموں سے سجے میرج ہال میں شادی کا فوٹو شوٹ کروانے میں مصروف تھیں کہ اچانک خوفناک دھماکا ہو گیا اور یہ لمحہ بھی کیمرے میں ریکارڈ ہوگیا جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

بیروت کے فوٹوگرافر محمد نقیب نے اپنے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر ایک ویڈیو وائرل کی ہے جس میں وہ 29 سالہ دلہن اسریٰ سیبلانی اور ان کے 34 سالہ شوہر احمد صبیح کا فوٹو شوٹ کر رہے ہیں۔ جب وہ دلہن کی فوٹیجز بنارہے تھے اسی وقت اچانک خوفناک دھماکا ہوتا ہے جس سے بھگدڑ مچ جاتی ہے اور میرج ہال کی سجاوٹ تباہ ہو جاتی ہے تاہم خوش قسمتی سے دلہا، دلہن اور مہمان محفوظ رہے۔

https://youtu.be/_L7SlqDtRnc


ایک اور وڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دھماکے کی آواز کے فوری بعد دلہا بھاگتے ہوئے آتے ہیں اور اپنی دلہن کو تسلی اور حوصلہ دیتے ہوئے محفوظ مقام پر لے جاتے ہیں، ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تو صارفین نے دلہا اور دلہن کی بہادری کی تعریف کی۔ شادی کی تقریب منسوخ کرکے دلہا اپنی دلہن کے ساتھ گھر کو روانہ ہوگئے۔

اس خبرکو بھی پڑھیں: بیروت دھماکا؛ 3 لاکھ افراد بے گھر، 5 ارب ڈالر کی املاک تباہ

واضح رہے کہ بیروت میں دو روز قبل ہونے امونیم نائٹریٹ کے ذخیرے میں ہونے والے خوفناک دھماکے میں 130 افراد ہلاک اور 5 ہزار سے زائد زخمی ہوگئے تھے جب کہ کئی کلومیٹر تک کا علاقہ مکمل طور پر کھنڈر میں تبدیل ہوگیا تھا۔
Load Next Story