جڑواں شہروں میں کوئیک رسپانس فورس کی ذمہ داری رینجرز کو دینے کا فیصلہ
راولپنڈی اور اسلام آباد میں کوئیک فورس کی ذمہ داری رینجرز کو دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
سینٹرل پولیس آفس اسلام آباد میں آئی جی وفاقی پولیس سکندر حیات کی زیر صدارت جڑواں شہروں اور پاكستان رینجر كے افسران كا اعلی سطحی اجلاس ہوا جس میں جڑواں شہروں میں جرائم پیشہ عناصر كی سركوبی كے لیے شرپسند عناصر كے ساتھ آہنی ہاتھوں سے نمٹنے كے لیے جامع اور مشترکہ سیكورٹی پلان تشكیل دینے پر غور کیا گیا، اجلاس کے دوران سکندر حیات نے کہا کہ تمام افسران آپس میں معلومات كا تبادلہ كریں، داخلی وخارجی راستوں پر مشتركہ پولیس چیک پوسٹیں قائم کی جائیں اور جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاری کے لئے مشترکہ کارروائی کی جائے۔
سکندر حیات کا کہنا تھا کہ جڑواں شہروں میں امن وامان كی صورت حال سے نمٹنے كے لیے مشتركہ طو ر پر مشقیں کی جائیں تاكہ ان سے جو نقائص سامنے آئیں انہیں ختم كیا جاسكے اور كسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے كے لیے ایک دوسرے كے تعاون كو فروغ دیا جاسكے۔ ان کا کہنا تھا کہ جڑواں شہروں میں کوئیک رسپانس فورس کی ذمہ داری رینجرز کو دی جارہی ہے تاکہ وہ كسی بھی حادثے كی جگہ پر فوری پہنچ سکیں، رینجرز کی ٹیموں کو ڈی چوک، زیرو پوائنٹ اور آئی جے پرنسپل روڈ پر تعینات کیا جائے گا لگایا جائے گا، دونوں شہروں كا گشتی پلان بھی تشكیل دیا جارہا ہے جو مختلف اوقات میں گشت کرے گا جبکہ اسلام آباد اور راولپنڈی كے مختلف ٹول پلازوں پر سكیورٹی كیمرے بھی لگائے جائیں گے۔