این آئی سی ایل اسکینڈل نیب کا یوسف رضا گیلانی کو پولیس کے ذریعے شامل تفتیش کرنے کا فیصلہ

سابق وزیر اعظم نیب كو این آئی سی ایل کیس کی تحقیقات میں مطلوب ہیں لہٰذا انہیں کل تک پیش کیا جائے، نیب کا پولیس کو حکم

اگر یوسف رضا گیلانی نوٹس وصول نہیں کرتے تو پولیس نوٹس ان کے گھر کے باہر چسپاں کردے، نیب کا ملتان پولیس کو حکم۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

این آئی سی ایل اسکینڈل میں سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی كو پولیس كے ذریعے نیب كی تفتیش میں شامل كرنے كا فیصلہ كیا گیا ہے۔

نیب كی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو کیس میں شامل تفتیش کرنے کے لئے سی پی او ملتان کو ان کا دوسرا نوٹس بھجوادیا ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سابق وزیر اعظم نیب كو این آئی سی ایل اسکینڈل کی تحقیقات میں مطلوب ہیں لہٰذا انہیں کل تک پیش کیا جائے اور اگر نوٹس وصول نہیں کیا جائے تو پولیس نوٹس سابق وزیر اعظم کے گھر کے باہر چسپاں کردے۔


دوسری جانب نیب نے تفتیشی افسر ظفر قریشی کو ہٹانے کے معاملے پر سابق پرنسپل سیکریٹری خوشنود لاشاری کے بیرون ملک ہونے کی بنا پر نوٹس وصول نہ کرنے پر انہیں واپس بلانے کے لئے انٹرپول سے رابطے کا فیصلہ کیا ہے۔

واضح رہے کہ نیب نے این آئی سی ایل كیس كی تفتیش میں سابق وزیر اعظم کی جانب سے عدم تعاون پر انہیں نوٹس جاری کرتے ہوئے گزشتہ بدھ كو نیب كی تحقیقاتی ٹیم كے سامنے پیش ہونے کا حکم دیا تھا تاہم وہ ٹیم کے سامنے پیش نہیں ہوئے۔
Load Next Story