کورونا کی وجہ سے پاکستان میں مقیم 83 بھارتی شہری واپس لوٹ گئے

شیڈول کے مطابق 118 بھارتی شہریوں نے واپس جانا تھا

شیڈول کے مطابق 118 بھارتی شہریوں نے واپس جانا تھا

کورونا وائرس کی وجہ سے پاکستان میں مقیم بھارتی شہریوں میں سے مزید 83 شہری واپس اپنے ملک لوٹ گئے ہیں۔

شیڈول کے مطابق 118 بھارتی شہریوں نے واپس جانا تھا تاہم نوری ویزا پر پاکستان میں مقیم شہریوں کوواپسی کا شیڈول فائنل نہ ہونے کی وجہ سے 35 بھارتی شہری بھی واپس نہیں گئے ہیں

بھارتی شہری واپس اپنے ملک جانے کے لئے تیزبارش کے باوجود ملک کے مختلف شہروں سے واہگہ بارڈرپہنے جہاں کورونا ایس اوپیز کومدنظررکھتے ہوئے ان کی امیگریشن اورکسٹم کلیئرنس کی گئی جبکہ واہگہ بارڈرپہنچنے پر ان کی سکریننگ بھی کی گئی۔ واہگہ بارڈر کے حکام کے مطابق واپس جانے والے بھارتی شہریوں میں کسی میں بھی کورونا کی شکایات سامنے نہیں آئی ہیں۔

ادھرسفارتی ذرائع کے مطابق 118 بھارتی شہریوں کی واپسی کا شیڈول تھا اوربھارتی سفارتخانے کی طرف سے ان کی فہرست بھی پاکستانی حکام کو دی گئی تھی تاہم صرف واہگہ اٹاری بارڈربند ہونے تک صرف 83 بھارتی شہری واہگہ بارڈر پہنچ سکے جن کی کلیئرنس کے بعد انہیں واپس ان کےملک جانے کی اجازت دی گئی۔


سفارتی ذرائع نے بتایا کہ پاکستان میں 350 سے زائد ایسے افراد مقیم ہیں جو پاکستانی ہیں تاہم مختلف وجوہات کی بنا پرپاکستان چھوڑچکے ہیں اور اب این اوآرآئی ویزاپرواپس پاکستان آئے ہیں۔ ان افراد میں زیادہ ترخواتین شامل ہیں جن کی شادیاں انڈیا میں ہوئی ہیں وہ اپنے بچوں اورسسرالی رشتہ داروں کے ساتھ پاکستان آئی تھیں۔ اب بھارتی سفارتخانے نے اپنے شہریوں کو توواپس جانے کی اجازت دے دی ہے لیکن نوری ویزاپرآنیوالے شہریوں کی واپسی کا شیڈول ابھی تک فائنل نہیں کیا جاسکا ہے

منڈی بہاؤالدین میں اپنے رشتہ داروں کے ہاں مقیم حمیرا جبارنے بتایا کہ ان کی شادی الہ آباد بھارت میں ہوئی ہے، وہ شادی کے چند ماہ بعد واپس اپنے میکے آئیں اور پھرلاک ڈاون شروع ہوگیا، انہوں نے دوباربھارتی سفارتخانے میں ویزا کے لئے اپلائی کیا ہے مگرابھی تک ویزا نہیں مل سکا ہے۔ ادھرالہ آباد میں ان کے شوہر فیصل ابراہیم نے ایکسپریس کوبتایا کہ ان کی والدہ کی طبیعت انتہائی ناساز ہیں وہ چاہتے ہیں کہ ان کی اہلیہ پاکستان سے جلد واپس پہنچ جائے مگرابھی تک کوئی مثبت پیش رفت نہیں ہوسکی ہے

کراچی میں مقیم افشاں سیف نے بتایا کہ وہ پاکستانی شہری ہیں ان کی شادی انڈیا میں ہوئی تھی، لیکن ابھی تک بھارتی شہریت نہیں ملی ہے، وہ نوری ویزا پراپنے دو بیٹوں اورساس کے ساتھ واپس کراچی آئی تھیں۔ ان کی ساس کو واپسی کی اجازت مل گئی وہ توچلی گئی ہیں مگران کے دونوں بیٹے جو بھارتی شہریت کے حامل ہیں وہ ان کو اکیلے واپس کیسے بھیج سکتی ہیں۔ نوری ویزاپرپاکستان آنیوالوں نے بھارتی سفارتخانے سے اپیل کی ہے کہ ان کی واپسی کا شیڈول بھی فائنل کیا جائے اورتمام فیملیزکوواپسی کی اجازت دی جائے۔

 
Load Next Story