نیٹو سپلائی رکنے سے ضلع بدین میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی

چند ہفتے قبل 8 ہزار روپے من فروخت ہونے والے ٹماٹر کی قیمت ایک ہزار فی من رہ گئی، آبادگاروں کو بھاری نقصان کا سامنا

اس وقت فی من ٹماٹر صرف ایک ہزار روپے میں فروخت ہورہے ہیں ،آباد گار۔ فوٹو: ایکسپریس/فائل

نیٹو سپلائی بند ہونے سے ضلع بدین میں ٹماٹر کی قیمتوں میں ریکارڈ کمی، ٹماٹر 7 ہزار روپے فی من کم ہوگئے، آبادگاروں کو لاکھوں روپے کا نقصان۔

تفصیلات کے مطابق تلہار سمیت ضلع بدین میں ٹماٹر کی قیمت میں اچانک کمی ہوگئی ہے 250 روپے فی کلو فروخت ہونیوالے ٹماٹر 30 روپے فی کلو تک بک رہے ہیں۔ سبزی فروشوں کا کہنا ہے کہ ضلع بدین کے ٹماٹر کی دوسرے شہروں کو ترسیل بند ہوگئی ہے جبکہ ضلع بدین سے ٹماٹر افغانستان بھی جاتے تھے لیکن کچھ دنوں سے نیٹو سپلائی بند ہونے کے باعث ٹماٹر کی برآمد بند ہوگئی جس کی وجہ سے قیمت میں کمی آئی ہے۔




دوسری جانب آبادگاروں کا کہنا ہے کہ اس وقت زرعی ادویہ، کھاد، بیج مہنگا ہونے کے باعث ٹماٹر کی فصل پر آنیوالا خرچہ فی ایکڑ 60 ہزار روپے تک ہے لیکن اس وقت فی من ٹماٹر صرف ایک ہزار روپے میں فروخت ہورہے ہیں جبکہ کچھ ہفتے پہلے نرخ 8 ہزار روپے فی من تک تھے۔ آبادگار رہنمائوں منور علی خواجہ، سکندر جت، عبدالشکور کھتری، سلام تھیبو اور دیگر نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ ٹماٹر کی سرکاری قیمت سو روپے فی کلو مقرر کی جائے۔
Load Next Story