پرویز مشرف غداری کیس خصوصی عدالت نے سابق صدر کو 24 دسمبر کو طلب کرلیا

وفاقی حکومت نے خصوصی عدالت میں پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کی درخواست دائر کی تھی۔

وفاقی حکومت نے سابق صدر کے خلاف گزشتہ روز خصوصی عدالت میں 5 نکاتی چارج شیٹ جمع کرائی تھی فوٹو: فائل

خصوصی عدالت نے پرویز مشرف کے خلاف آرٹیکل 6 کے تحت غداری کا مقدمہ چلانے کی درخواست سماعت کے لئے منظور کرتے ہوئے سابق صدر کو 24 دسمبر کو طلب کرلیا۔

خصوصی عدالت کے رجسٹرار عبدالغنی سومرو کا کہنا تھا کہ عدالت کے تینوں ججز جسٹس فیصل عرب، جسٹس یاور علی اور جسٹس طاہرہ صفدر نے وفاقی حکومت کی جانب سے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف جمع کرائی جانے والی درخواست اور 5 نکاتی چارج شیٹ کا جائزہ لینے کے بعد پرویز مشرف کو 24 دسمبر کو طلب کرلیا ہے جب کہ درخواست بھی باقاعدہ طور پر سماعت کے لئے منظور کرلی گئی ہے۔


وفاقی حکومت نے سابق صدر پرویز مشرف کے خلاف گزشتہ روز غداری کا مقدمہ چلانے کے لئے درخواست دائر کرتے ہوئے 5 نکاتی چارج شیٹ جمع کرائی تھی جس میں کہا گیاتھا کہ پرویز مشرف نے بطور آرمی چیف 3 نومبر کی ایمرجنسی کا غیر آئینی حکم دیا، ایمرجنسی کے ذریعے آرٹیکل 175 اے اور 186 میں ترمیم کی گئی اور اس کے ذریعے صدر کو آئینی ترمیم کا اختیار دیا گیا۔ چارج شیٹ میں یہ بھی کہا گیا تھا کہ آئین میں شامل کیا گیا پی سی او کا حلف ججز کی برطرفی کا سبب بنا لہٰذا پرویز مشرف کو سمن جاری کیا جائے اور انہیں آئین توڑنے کی سزا دی جائے۔

دوسری جانب وزارت قانون کے حکام نے بھی خصوصی عدالت کے ججز سے ملاقات کی جس میں فیصلہ کیا گیا کہ وفاقی شرعی عدالت میں جگہ کی کمی کے باعث کیس کی سماعت نیشنل لائبریری کی عمارت میں کی جائے گی جب کہ ججز اپنا کام وفاقی شرعی عدالت میں ہی انجام دیں گے۔
Load Next Story