کورونا عالمی شہرت یافتہ بھارتی گلوکار ایس پی بالا وینٹی لیٹر پر منتقل

معروف گلوکار کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 5 اگست کو اسپتال میں داخل کیا گیا تھا

اہل خانہ نے مداحوں سے دعائے صحت کی اپیل کی ہے، فوٹو : فائل

ISLAMABAD:
بھارت کے عالمی شہرت یافتہ گلوکار ایس پی بالا کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر اسپتال میں داخل کیا گیا تھا جہاں طبیعت بگڑنے پر گلوکار کو وینٹی لیٹر پر منتقل کردیا گیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق مدھر آواز کے مالک اور بالی ووڈ فلم انڈسٹری میں چار دہائیوں سے اپنی آواز کا جادو جگانے والے گلوکار ایس پی بالا کو کورونا ٹیسٹ مثبت آنے پر 5 اگست کو ایم جی ایم ہیلتھ کیئر سینٹر میں داخل کیا گیا تھا۔


اہل خانہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ معروف گلوکار کی طبیعت نہ سنبھلنے پر انہیں انتہائی نگہداشت کے وارڈ میں داخل کیا گیا تھا تاہم بدستور طبیعت گرتی رہی جس پر اب انہیں وینٹی لیٹر پر منتقل کیا گیا ہے۔

اسپتال انتظامیہ کا کہنا ہے کہ ایس پی بالا کی طبیعت انتہائی خراب ہے اور ڈاکٹر کی ایک ٹیم ان کے اعضائے رئیسہ کی کارکردگی کی نگرانی کر رہی ہے۔ وہ شوگر اور بلڈ پریشر کے مرض میں بھی مبتلا ہیں۔

واضح رہے کہ بھارتی فلم انڈسٹری کے معروف گلوکار نے 5 اگست کو اپنے فیس بک پییج پر ویڈیو شیئر کی تھی جس میں انہوں نے بتایا تھا کہ کورونا ٹیسٹ مثبت آنے اور معمولی علامات کے ظاہر ہونے پر اسپتال میں داخل ہورہا ہوں۔
Load Next Story