سندھ میں 15 ستمبر سے قبل تعلیمی اداروں میں اقدامات مکمل کرنے کی ہدایت

تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو کھولنے کا حتمی فیصلہ ایس سی او سی کے اجلاس میں ہوگا، سعید غنی

ہمیں اپنی مکمل تیاری 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے پر مرکوز کرنا ہوگی، وزیر تعلیم فوٹو: فائل

وزیر تعلیم سندھ سعید غنی نے متعلقہ حکام کو ہدایت کی ہے کہ ستمبر سے قبل تمام تعلیمی اداروں میں اسپرے سمیت تمام اقدامات کو مکمل کرلیا جائے۔


وزیر تعلیم سندھ سعید غنی کی زیرصدارت محکمہ تعلیم کا اجلاس ہوا جس میں سیکرٹری تعلیم احمد بخش ناریجو، سیکرٹری کالجز باقر نقوی ،ایڈیشنل سیکرٹری تعلیم ڈاکٹر فوزیہ، آصف میمن اور دیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں صوبے بھر میں تعلیمی نصاب، کورونا وائرس کے بعد کی صورتحال اور نئے تعلیمی سال سمیت دیگر امور کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس کے دوران سعید غنی نے کہا کہ تعلیمی اداروں کو 15 ستمبر کو کھولنے کا حتمی فیصلہ ایس سی او سی کے اجلاس میں ہوگا، ہمیں اپنی مکمل تیاری 15 ستمبر کو تعلیمی ادارے کھولنے پر مرکوز کرنا ہوگی۔ ہم چاہتے ہیں کہ 7 ستمبر کو وفاقی وزیر تعلیم اور تمام صوبائی وزراء تعلیم کا اجلاس ہو تو ہمارے پاس تمام حوالے سے تیاریاں مکمل ہوں، ہماری پوری کوشش ہے کہ طلبہ و طالبات کا کورونا وائرس کے باعث جو تعلیمی عمل تعطل کا شکار ہوا اور اس کے باعث جو خلا ان کی تعلیم میں آیا ہے اس کو پورا کیا جائے۔ 15 ستمبر سے قبل تمام تعلیمی اداروں میں اسپرے سمیت تمام اقدامات کو مکمل کرلیا جائے۔
Load Next Story