پنجاب میں بارشوں نے تباہی مچادی مختلف واقعات میں 17 افراد جاں بحق

لاہور، شیخوپورہ، کلرکہار، پھالیہ اور جڑانوالہ میں بارش کے نتیجے میں حادثات و واقعات پیش آئے

جاں بحق ہونے والوں میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں فوٹو: فائل

پنجاب کے مختلف علاقوں میں بارش کے باعث مکانات کی چھتیں اور مٹی کے تودے گرنے سے 17 افراد جاں بحق جب کہ متعدد زخمی ہوگئے۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق لاہور کے علاقے ہربنس پورہ کی ابراہیم کالونی میں مکان کی چھت گرنے سے 4 افراد جاں بحق اور خواتین سمیت 5 افراد زخمی ہو گئے، جاں بحق افراد کی شناخت صابر، کامران، اعظم اور اسلم کے نام سے ہوئی ہے جب کہ زخمیوں میں حبیب اللّٰہ، ساحل، قمر بی بی، فاطمہ اور فریدہ بی بی شامل ہیں۔

شیخوپورہ میں مرید کے روڑ پر واقع ملیاں کلاں میں بارش کے باعث افتخار نامی شخص کے مکان کی چھت گرنے سے 9 افراد ملبے تلے دب گئے۔ واقعے میں ایک بچہ اور ایک خاتون جاں بحق جب کہ 7 زخمی ہوگئے۔


جڑانوالہ کے تھانہ صدر کی حدود میں واقع گاؤں چک نمبر119 گ ب میں خستہ حال چھت گرنے سے ارشد نامی شخص جاں بحق ہوگیا۔ فیصل آباد میں کرنٹ لگنے کے مختلف واقعات میں 2 افراد زندگی کی بازی ہار گئے۔

پھالیہ میں شدید بارش کے باعث مکان کی چھت گرنے سے ماں اور 4 بچے جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں 33 سالہ رقیہ ، 8 سالہ سارم معاویہ، 5 سالہ عاتکہ عافیہ ، 3 سالہ محمد عمر اور 2 سالہ محمد حاشر شامل ہیں۔

کلرکہار میں کوئلے کی کان پر کام کرنے والے افراد کان میں ہی بنے کمروں میں سور ہے تھے کہ بارش کے باعث ان پر مٹی کا تودا آن گرا جس کے نتیجے میں 3 افراد لقمہ اجل بن گئے۔ جاں بحق ہونے والوں میں اسحاق، شمشیر اور ارسلہ شامل ہیں۔

 
Load Next Story