ساؤتھمپٹن ٹیسٹ پاکستانی ٹیم انگلینڈ کے پہاڑ جیسے ہدف تلے دب گئی
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا ٹیسٹ میچ ساؤتھمپٹن میں کھیلا جارہا ہے جہاں دوسرے روز بھی پہلی ہی اننگ جاری ہے۔ میچ کے دوسرے دن انگلینڈ نے 4 کھلاڑیوں کے نقصان اور 332 رنز کے ساتھ بیٹنگ کا سلسلہ دوبارہ شروع کیا جب کہ انگلش کھلاڑی زیک کرالے اور جوز بٹلر کریز پر موجود تھے۔ دوسرے روز بارش سے میچ میں وقفہ آیا جس کے بعد دوبارہ کھیل شروع ہوا۔
زیک کرالے کی 267 رنز کی ڈبل سینچری
انگلش کھلاڑی زیک کرالے نے اپنے کیرئیر کی پہلی ڈبل سنچری اور جوز بٹلر نے دوسری ٹیسٹ سینچری مکمل کی۔ زیک کرالے انگلینڈ کی جانب سے اپنی پہلی ڈبل سینچری بنا کر زیاد اسکور کرنے والے دوسرے کھلاڑی بن گئے۔ انہوں ںے دو دن کے دوران 393 گیندوں پر 267 رنز اسکور کیے جن میں 34 چوکے اور ایک چھکا شامل ہیں۔ انہیں اسد شفیق کی گیند پر محمد رضوان نے اسٹمپ کیا۔ قبل ازیں یہ ریکارڈ آسٹریلیا کے خلاف 287 رن بنا کر 1903ء میں ٹپ فروسٹ نے بنایا تھا۔
زیک کرالے کے بعد جوز بٹلر بھی چھائے رہے اور پاکستانی بالرز کی پٹائی کرتے رہے۔ میچ میں اس وقت دل چسپ مرحلہ آیا جب انگلینڈ کے بلے باز جوز بٹلر 99 کے اسکور پر پہنچے تو انہیں آؤٹ کرنے کی اپیل مسترد ہونے پر ریویو لیا گیا تاہم وہ اس اپیل سے بچ نکلے۔ انہوں ںے 311 گیندوں پر 152 رنز اسکور کیے اور ٹیسٹ کی دوسری سنچری اسکور کی۔ انہیں فواد عالم نے آؤٹ کیا۔
ٹیم کے 547 کے اسکور پر ساتویں وکٹ کرس ووکس کی گری جو فواد عالم کی گیند پر یاسر شاہ کو کیچ دے بیٹھے جب کہ آٹھویں نمبر پر اسٹیورٹ براڈ 15 رنز پر پویلین لوٹ گئے جنہیں شاہین شاہ آفریدی نے کلین بولڈ کیا۔ کریز پر مارک بیس رہ گئے جنہوں نے 27 رنز اسکور کیے بعدازاں انگلینڈ نے اننگ ختم کردی۔ انگلینڈ نے دو روز کے دوران 154 اوورز میں 583 رنز اسکور کیے۔
پاکستانی بیٹںگ
انگلینڈ کے رنز کے پہاڑ کو سر کرنے کے لیے پاکستان کی بیٹنگ شروع ہوئی تو ٹیم 10.5 اوورز کا میچ کھیل سکی اور کھیل تیسرے دن پر چلا گیا۔محض 24 رنز پر انگلش بالر اینڈریسن نے پاکستان کے 3 کھلاڑیوں کو پویلین روانہ کردیا۔ اوپننگ شان مسعود اور عابد علی نے کی۔ شان مسعود 4 رنز بناکر اینڈرسن کے ہاتھوں ایل بھی ڈبلیو ہوگئے،عابد علی صرف ایک رن پر اینڈریسن کی گیند پر سبلی کو کیچ دے بیٹھے جب کہ بابر اعظم 11 رنز پر ایںڈریسن کے ہاتھوں ایل بی ڈبیلو ہوگئے۔
میچ کا پہلا روز
قبل ازیں میچ کے پہلے روز انگلینڈ نے ٹاس جیت کر بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور پہلے روز کے اختتام تک 4 وکٹ کے نقصان پر 332 رنز بنائے۔ رورے 6، ڈوم سیبلی 22، کپتان جوئے روٹ 29 اور اولے پوپ 3 رنز پر آؤٹ ہوئے جب کہ انگلش کھلاڑی زیک کرالے نے پہلے دن کیرئیر کی پہلی سنچری اسکور کی تھی۔
پاکستان کی جانب سے یاسر شاہ نے دو جب کہ نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
قومی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی گئی اور بارش کی نذر ہونے والے دوسرے ٹیسٹ کی ٹیم برقرار رکھی گئی ہے جب کہ انگلینڈ نے صرف ایک تبدیلی کرتے ہوئے سام کیورن کی جگہ جوفرا آرچر کو واپس ٹیم میں شامل کیا ہے۔
واضح رہے کہ مانچسٹر ٹیسٹ میں انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف سنسنی خیز مقابلے کے بعد 3 وکٹ سے غیر متوقع فتح حاصل کی تھی جب کہ ساؤتھمپٹن ٹیسٹ بارش اور خراب موسم کی نذر ہوگیا تھا۔