شبلی فراز اپنے ہی اسپیکر قومی اسمبلی پر عدم اعتماد کر رہے ہیں مریم اورنگزیب

وزیراعظم کو پہلے بھی چیلنج کیا تھا کہ بتائیں، کس نے کس سے این آر او مانگا ہے، ترجمان مسلم لیگ ن

، عالمی انسانی حقوق کے ادارے نیب نیازی گٹھ جوڑ پر فرد جرم لگا چکے ہیں. ترجمان مسلم لیگ ن(فوٹو: فائل)

پاکستان مسلم لیگ (ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے وزیر اطلاعات شبلی فراز کے جواب میں ٹویٹ کرتے ہوئے کہا ہےکہ نالائق لاڈلے قانون سازی بھی نہیں کرسکتے اس لئے ایف اے ٹی ایف قوانین پر نظرثانی کے لئے اسپیکر نے قومی اسمبلی کی پارلیمانی کمیٹی تشکیل دی تھی اور اس کمیٹی کی منظوری ایوان نے دی تھی۔

مریم اورنگزیب نے کہا کہ شبلی صاحب کیا اسپیکر صاحب نے این آر او مانگا تھا؟ پورے ایوان نے این آر او مانگا تھا؟شبلی صاحب دستاویزات لہرا کر اور ٹویٹ پر لگا کراسپیکر قومی اسمبلی پر عدم اعتماد کر رہے ہیں۔ پارلیمانی کمیٹی پر الزام لگا رہے ہیں۔ کمیٹی میں وہ حکومتی لوگ بھی شامل ہیں جو مالم جبہ، بی آر ٹی، بلین ٹری سونامی، ہیلی کاپٹر، 23 خفیہ اکاؤنٹس، فارن فنڈنگ کرپشن, چینی اور آٹا چوری کے مقدمات میں مطلوب اور مفرور ہیں۔


یہ بھی پڑھیے: شبلی فراز نے (ن) لیگ اور پیپلز پارٹی کی نیب آرڈیننس میں مجوزہ ترامیم شیئر کردیں

اپوزیشن کے لوگ قیدوبند، جیل اور نیب عقوبت خانے بھگت چکے ہیں، ان کی بے گناہی کی گواہی سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے فیصلے بن چکے ہیں، عالمی انسانی حقوق کے ادارے نیب نیازی گٹھ جوڑ پر فرد جرم لگا چکے ہیں۔ ایسے میں اپوزیشن این آر او چاہے گی؟ یا وہ حکومتی نمائندے جو وزیراعظم اور صدر سمیت الیکشن کمشن اور نیب مقدمات میں مفرور ہیں اور پیش نہیں ہوتے؟؟ وزیراعظم کو پہلے بھی چیلنج کیا تھا کہ بتائیں، کس نے کس سے این آر او مانگا ہے ؟ پہلے بھی بتایا تھا کہ سلیکٹڈ وزیراعظم کی اوقات ہی نہیں کہ این آر او دے سکے۔
Load Next Story