پنجاب میں بھٹہ مالکان نے 4 روز کے لئے اینٹوں کی سپلائی بند کردی

ہمارے مطالبات کا نوٹس نہ لیا گیا تو غیرمعینہ مدت کے لئے اینٹوں کی سپلائی روک دیں گے، بھٹہ مالکان

اینٹوں کی سپلائی بند ہونے سے جاری تعمیراتی منصوبے متاثرہونے کا خدشہ ہے فوٹو: فائل

بھٹہ مالکان نے اپنے مطالبات کے لئے 28 اگست تک پنجاب بھرمیں اینٹوں کی سپلائی بند کردی ہے۔

پنجاب میں بھٹہ مالکان نے کوئلے کی قیمتوں میں اضافے، سیلز ٹیکس اوربھٹہ مزدوروں کو سوشل سیکیورٹی کی سہولت نہ ملنے کے خلاف سے 25 سے 28 اگست تک صوبے بھر میں اینٹوں کی سپلائی بند کردی ہے جس سے تعمیراتی کام متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن لاہورڈویژن کے صدر رانا سبحان علی نے بتایا کہ انہوں نے حکومتی نمائندوں سے متعدد ملاقاتیں کی ہیں اور ان کے سامنے اپنے مطالبات رکھے ہیں لیکن ابھی تک ہمارا کوئی ایک مطالبہ نہیں مانا گیا ہے۔ کوئلہ سپلائی کرنے والے آئے دن قیمت بڑھادیتے ہیں لیکن حکومت اس کا کوئی نوٹس نہیں لیتی جب کہ حکومت نے اینٹوں کی قیمت مقرر کر رکھی ہے۔ اسی طرح مختلف قسم کے ٹیکس لگائے جارہے ہیں لیکن خشت سازی کے شعبے کو حکومت ابھی تک انڈسٹری کا درجہ دینے کو تیارنہیں ہے ، کوئی بینک خشت سازی کے لئے قرض نہیں دیتا۔ اسی طرح بھٹہ مزدروں کی سوشل سیکیورٹی اوران کے بچوں کی تعلیم وصحت سے متعلق جو وعدے کئے گئے تھے وہ بھی پورے نہیں کئے جارہے ہیں۔


رانا سبحان علی نے بتایا کہ ابتدائی طورپر چار دن کے لئے اینٹوں کی سپلائی بند کی گئی ہے ، حکومت نے ہمارے مطالبات کا نوٹس نہ لیااورکوئی پیش رفت نہ ہوئے توغیرمعینہ مدت کے لئے اینٹوں کی سپلائی روک دیں گے۔

دوسری طرف اینٹوں کی سپلائی بند ہونے سے جاری تعمیراتی منصوبے متاثرہونے کا خدشہ ہے ، ناصرف ان کی لاگت بڑھ جائیگی بلکہ منصوبوں کی بروقت تکیمل میں تاخیرہوسکتی ہے۔

 
Load Next Story