پاکستان کرکٹ میں شفیق ’پاپا‘ کے بعد شعیب ’بابا‘ موضوع بحث

شعیب ملک نے جب اپنا پہلا میچ کھیلا تو اس وقت شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حیدر علی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے

شعیب ملک نے جب اپنا پہلا میچ کھیلا تو اس وقت شاہین آفریدی، نسیم شاہ اور حیدر علی پیدا بھی نہیں ہوئے تھے

پاکستان کرکٹ میں شفیق پاپا کے بعد اب شعیب ملک "بابا " کا بھی تذکرہ ہونے لگا۔

اس وقت قومی ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں شامل تین ساتھی کرکٹر پیدا بھی نہیں ہوئے تھے جب سے سابق کپتان قومی ٹیم کا حصہ ہیں، ہیڈکوچ مصباح الحق سے سینئر اور 21 سال سے پاکستان کی نمائندگی کرنے والے شعیب ملک سوشل میڈیا پر موضوع بحث بن گئے، ان کے کیرئر کو سامنے رکھتے ہوئے موجودہ ٹیم کے کھلاڑیوں کا ان سے موازنہ کیا جارہا ہے۔


شعیب ملک نے جب پاکستان کے لیے اپنا پہلا میچ کھیلا تو اس وقت موجودہ پاکستانی ٹیم کے اہم فاسٹ بولر شاہین شاہ آفریدی ،نسیم شاہ اور نوجوان بلے باز حیدر علی اس وقت پیدا بھی نہیں ہوئے تھے ۔ 38 سالہ شعیب ملک نے 14 اکتوبر 1999 کو قومی ٹیم کے لیے پہلا ون ڈے میچ کھیلا تھا، وہ اب تک 35 ٹیسٹ، 287 ون ڈے اور 114 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلنے کا اعزاز رکھتے ہیں۔

شعیب ملک نے جب کیرئر کا آغاز کیا تو لیگ اسپنر شاداب خان، فاسٹ بولر محمد حسنین صرف ایک سال کے تھے، ٹی ٹوئنٹی ٹیم کے کپتان بابر اعظم اور خوش دل شاہ کی عمر ابھی صرف چار چار سال تھی، فاسٹ بولر حارث روف پانچ، محمد عامر اور محمد رضوان سات سات سال کے تھے۔ افتخار احمد اور فخر زمان کی عمر نو نو سال تھی،عماد وسیم دس سال ، سرفراز احمد بارہ سال ، وہا ب ریاض چودہ سال ، محمد حفیظ انیس سال کے تھے۔

قومی ٹیم کے ہیڈکوچ مصباح الحق بھی شعیب ملک کے دوسال بعد پاکستان ٹیم کا حصہ بنے۔ پروفیسر محمد حفیظ نے چار سال بعد اپنی انٹرنیشنل کرکٹ کا آغاز کیا تھا۔ دلچسپ بات یہ بھی ہے کہ شعیب ملک نے جس انگلش ٹیم کے خلااف اپنا پہلا میچ کھیلا تھا، اس میں سے اب کوئی بھی ٹیم کا حصہ نہیں، ان میں سے مائیکل وان، ایتھرٹن وغیرہ تو اب عرصے سے کرکٹ پر تبصرہ کررہے ہیں جبکہ بعض کوچ بن چکے ہیں۔
Load Next Story