سندھ کا وفاق سے کسانوں کے زرعی قرض اور ٹیکس معاف کرنے کا مطالبہ

کپاس، ٹماٹر، مرچ اور دیگر فصلیں مکمل ختم، چاول، گنا اور باغات کو شدید نقصان ہوا ہے، وزیر زراعت

کپاس، ٹماٹر، مرچ اور دیگر فصلیں مکمل ختم، چاول، گنا اور باغات کو شدید نقصان ہوا ہے، وزیر زراعت

وزیر زراعت سندھ نے وفاق سے کسانوں کے زرعی قرض اور ٹیکس معاف کرنے کا مطالبہ کردیا۔

صوبائی وزیر زراعت محمد اسماعیل راہو نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ سندھ حکومت متاثرہ 20 اضلاع کو آفت زدہ قرار دےچکی ہے، ہم کاشتکاروں کی بحالی کے لئے تمام اقدامات کرینگے، متاثرہ فصلوں کے صوبائی زرعی ٹیکس معاف کئے جائیں گے۔


انہوں نے کہا کہ وفاق کی غلط پالیسی کی وجہ سے زرعی شعبہ پہلے ہی شدید دباؤ میں ہے، کھاد، زرعی ادویات، ڈیزل، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے نے زراعت ناممکن بنا دی ہے، ملک کا کاشتکار مزید مقروض ہوتاجارہاہے۔

اسماعیل راہو نے کہا کہ وزیراعظم سندھ میں حالیہ بارشوں سے متاثرہ اضلاع کے کسانوں کے زرعی قرض اور ٹیکس کی معافی کا اعلان کریں، آفت زدہ اضلاع حالیہ بارشوں سے شدید متاثر ہوئے ہیں، کپاس، ٹماٹر، مرچی اور دیگر فصلیں مکمل ختم ہو چکی ہیں، چاول،گنا اور باغات کو بھی شدید نقصان ہوا ہے، زرعی ترقیاتی بینک اور دیگر کمرشل بینکوں کے 2020 کے تمام زرعی قرضہ جات معاف کئے جائیں۔

اسماعیل رانے راہو نے وفاق سے مطالبہ کیا کہ کسانوں کے پرانے زرعی قرضوں کی وصولیات میں ایک سال کی چھوٹ دی جائے، کاشتکاروں کو بغیر سُود اور آسان شرائط پر نئے قرضے دیے جائیں۔
Load Next Story