بیوی کے ناراض ہوکر میکے جانے پر نوجوان نے خودکشی کرلی

نوید نے 7 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی اور وہ اس سے قبل بھی 2 بار خودکشی کی کوشش کرچکا ہے، پولیس

نوید نے 7 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، پولیس

لائنز ایریا کے رہائشی نوجوان نے بیوی کے ناراض ہوکر میکے جانے پر خودکشی کرلی۔

پولیس کے مطابق لائنز ایریا میں ایک نوجوان کی پھندا لگی لاش ملی جسے چھیپا ایمبولینس کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کردیا گیا جہاں نوجوان کی شناخت 27 سالہ نوید بیگ ولد ادریس کے نام سے ہوئی ہے۔


ایس ایچ او محمد سعید نے بتایا کہ نوید پیپر کٹنگ کا کام کرتا تھا اور 7 ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی، شادی کے بعد ہی میاں بیوی میں جھگڑے شروع ہوگئے تھے جس کے باعث نوید نے 3 ماہ قبل چوہے مار دوا کھا کر اور 4 روز قبل پھندا لگا کر خودکشی کی کوشش کی تاہم اس کی جان بچ گئی۔

ایس ایچ او کے مطابق نوید کی بیوی ان دنوں ناراض ہو کر میکے گئی ہوئی تھی جس پر آج نوید نے گھر کے ساتھ بنے کارخانے میں دروازے پر کنڈی لگاکر خود کشی کرلی، پولیس نے ضابطے کی کارروائی کے بعد نوجوان کی لاش ورثا کے حوالے کردی ہے۔
Load Next Story