کراچی میں شدید بارش سے معروف کھلاڑی بھی متاثر

معین خان کے گھر میں پانی داخل، سامان برباد، شاہد آفریدی 3 دن بجلی سے محروم

جہانگیر خان و دیگر کو بھی مشکلات کا سامنا، مستقبل کیلیے منصوبہ بندی کا مطالبہ ۔ فوٹو : فائل

کراچی میں ہونے والی شدید بارش نے شہریوں کی طرح معروف کھلاڑیوں کو بھی بری طرح متاثر کیا۔

سابق ٹیسٹ کپتان اور ممتاز آل راؤنڈر شاہد خان آفریدی کے گھر میں تین دن تک بجلی غائب رہی، مسلسل چلنے والے جنریٹر نے بھی جواب دے دیا، تاہم شاہد آفریدی اس لحاظ سے خوش نصیب رہے کہ ان کے گھر میں برساتی پانی داخل نہیں ہوا۔

ایک اور سابق ٹیسٹ کپتان وسابق چیف سلیکٹر معین خان کے گھر میں داخل ہونے والے برساتی پانی نے تباہی مچا دی، گھریلو استعمال کی اشیا کو نقصان پہنچا،معین خان کو چھ دن بجلی کے بغیر گزارنے پڑے۔


اپنے دور کے عظیم کھلاڑی اور سابق ٹیسٹ کپتان جاوید میاں داد کے مطابق وہ بارش سے زیادہ متاثر نہیں ہوئے اور ان کا گھر محفوظ رہا تاہم اطراف میں جمع ہونے والے پانی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا رہا،ایک اور سابق ٹیسٹ کپتان وسیم باری بجلی نہ ہونے کے ساتھ ساتھ ٹیلیفون اور انٹرنیٹ کی سہولت سے بھی محروم رہے۔

اسکواش کے عظیم کھلاڑی اور سابق عالمی چیمپئن جہانگیر خان کو بھی برساتی پانی کی وجہ سے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا جب کہ وہ وہ پینے اور استعمال کے پانی کے لیے بھی پریشان نظر آئے۔

پاکستان ہاکی ٹیم کے سابق کپتان اولمپئین حنیف خان کے مطابق جمع شدہ برساتی پانی کے سبب اسٹریٹ تالاب بن گئی اور گٹر ابلنے لگے،سابق اولمپیئن ایاز محمود اور اولمپیئن رشید الحسن کے گھروں میں بھی پانی داخل ہو گیا اور کمروں میں رکھی ہوئی قیمتی اشیا کو نقصان پہنچا۔

متاثرہ قومی کھلاڑیوں کا کہنا ہے کہ انتظامیہ اور ذمے داروں کو مستقبل کے لیے مربوط لائحہ عمل تیار کر کے موثر منصوبہ بندی کرنے کی ضرورت ہے۔
Load Next Story