کراچی میں امن کی بحالی کیلیے حکومت سنجیدہ ہے سردار یوسف

کابینہ پہلے دن سے ایمانداری سے فرائض سرانجام دے رہی ہے، پریس کانفرنس سے خطاب

کابینہ پہلے دن سے ایمانداری سے فرائض سرانجام دے رہی ہے، پریس کانفرنس سے خطاب۔ فوٹو: فائل

وفاقی وزیر مذہبی امور اور بین المذاہب ہم آہنگی سردار محمد یوسف نے کہا ہے کہ امن لوگوں کی بنیادی ضرورت ہے۔

کراچی میں امن کی بحالی کیلیے مسلم لیگ (ن) کی حکومت سنجیدگی سے کام کررہی ہے، وفاقی کابینہ پہلے دن سے ہی ایمانداری سے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے، وہ مسلم لیگ ہائوس میں پریس کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے، اس موقع پر سلیم ضیا، نہال ہاشمی، علی اکبر گجر و دیگر بھی موجود تھے، انھوں نے کہا کہ 2013 کا حج اللہ کے کرم سے کامیاب رہا اور آئندہ سال 2014 کے لیے تیاریاں جاری ہیں، انھوں نے کہا کہ امن کی بحالی بہت ضروری ہے جس کے لیے مسلم لیگ (ن) اپنا کردار ادا کررہی ہے، امن کی بحالی کے بعد کئی غیر ملکی سرمایہ کار سرمایہ کاری کریں گے۔




انھوں نے کہا کہ کراچی میں مختلف مکاتب فکر کے علما سے ملاقات کی ہے، حکومت کے کراچی میں ٹارگٹڈ آپریشن سے اچھے نتائج سامنے آئے ہیں، انھوں نے کہا کہ دینی مدارس کے لیے بھی ایسا پروگرام لے کر آرہے ہیں کہ مدارس کے اندر طلبا کو تعلیم کے ساتھ ساتھ ہنر بھی سکھایا جائے، انھوں نے کہا ہے کہ کراچی کی ترقی کے بارے میں جو دعوے گزشتہ بلدیاتی حکومتیں کرتی رہیں وہ صرف دعوے تھے، کراچی آکر معلوم ہوا کہ یہاں کے لوگ بنیادی سہولتوںسے بھی محروم ہیں۔
Load Next Story