تحریک انصاف لیڈیز ونگ سندھ کی فنانس سیکریٹری متحدہ میں شامل

متحدہ جو کہتی کر دکھاتی ہے، فرح ناز، نسرین جلیل کیساتھ پریس کانفرنس، الطاف حسین کا خیر مقدم

متحدہ جو کہتی کر دکھاتی ہے، فرح ناز، نسرین جلیل کیساتھ پریس کانفرنس، الطاف حسین کا خیر مقدم۔ فوٹو: فائل

پاکستان تحریک انصاف خواتین ونگ سندھ کی سیکریٹری مالیات فرح نازنے اپنی ساتھیوں سمیت متحدہ قومی موومنٹ میں شمولیت کااعلان کرتے ہوئے کہاہے کہ تحریک انصاف میں ملک میں تبدیلی کا نعرہ لگاسکتی ہے تبدیلی نہیں لاسکتی ہے، ایم کیوایم ملک کی واحدجماعت ہے جوکہتی وہ کرکے بھی دکھاتی ہے۔

یہ اعلان انھوں نے ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروخورشیدبیگم میموریل سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس میں کیا۔اس موقع پرایم کیو ایم کی رابطہ کمیٹی کی رکن سینیٹرنسرین جلیل نے انھیں ایم کیوایم میں شمولیت پر الطاف حسین اور پارٹی کی جانب سے خوش آمدید کہتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم خواتین کااحترام کرنے والی جماعت ہے اورخواتین کواس جماعت میں برابری کی بنیادپرموقع فراہم کیا جاتاہے،ایم کیوایم کی تحریک نے خواتین نے ہر اول دستے کاکرداراداکیاہے،ایم کیوایم میں کام کرنے والے کارکنا ن کوکوئی بھی آگے بڑھنے سے نہیں روک سکتاہے،بڑی بری جماعتوں سے لوگ مایوس ہورہے ہیں،فرح نازاوران کے ساتھیوںکی ایم کیوایم میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے،ایم کیوایم میں میل ازم نہیں اورہم فرح نازان کی ساتھی رباب کاظمی جوکہ پیپلزپارٹی کے مرحوم رہنماامیرحیدرکی قریبی عزیزہیں،ان کوایم کیوایم میں آمدپرخوش آمدیدکہتے ہیں۔




اس موقع پر میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے فرح ناز نے کہاکہ وہ ایم کیوایم میں شامل ہوکرخوشی محسو س کررہی ہیں ، ایم کیوایم میں شمولیت کسی لالچ کے تحت نہیں ہوئی بلکہ انھوں نے ایک طویل سوچ بچاراور ایم کیوایم کے بارے میں سب کچھ جاننے کے بعدشمولیت اخیتا ر کی ہے اورایم کیوایم کے قائدالطاف حسین اور ایم کیوایم کے خلاف ہمیشہ غلط پروپیگنڈہ کیا گیا اورالطاف حسین کو عوام سے دورکرنے کی سازش کی گئی،پی ٹی آئی میں جو کہا جاتاہے اس پر عمل نہیں ہوتاہے پی ٹی آئی نے بلدیاتی الیکشن کے لیے میرانام بطور چیرمین منتخب کیا ہے مگر میں عہدے کے لالچ میں کام نہیں کرتی ہوں۔دریں اثنا ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے فرح ناز کو متحدہ میں شمولیت پر مبارکباد پیش کی ہے۔نائن زیرو پر فرح ناز سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ لو گ اب سمجھ رہے ہیں کہ تبدیلی صرف متحدہ قومی موومنٹ ہی لاسکتی ہے۔
Load Next Story