واٹر بورڈ کی نااہلی کئی علاقوں میں گٹر ابل پڑے

نارتھ کراچی،لیاقت آباد،نارتھ ناظم آباد،ماڈل کالونی،قائدآباد،گلستان جوہر،کورنگی ،لانڈھی، گلشن اقبال میں تالاب بن گئے

غیرمتعلقہ افسرکی تعیناتی سے سیوریج کی بدترین صورتحال پیداہوئی،سینئرافسران واٹربورڈ۔ فوٹو : آئی این پی

شہر سیوریج کے گندے پانی میں ڈوب گیا،مارکیٹوں،اہم شاہراہوں پرکئی کئی فٹ سیوریج کا پانی جمع ہے جبکہ واٹر بورڈکے سینئر افسران نے شہرکی بدترین صورتحال کاذمے دارچیف انجینئرسیوریج سعید شیخ کو قراردیدیا۔

الیکٹرانک انجینئرسعید شیخ کو سیوریج سسٹم کا چیف انجینئر بنانے سے کراچی کے کروڑوں شہری سخت اذیت میں مبتلا ہیں۔ ذرائع کاکہناہے کہ غیرمتعلقہ افسر کی تعیناتی کے باعث شہر قائد اس وقت سیوریج کی بدترین صورتحال سے دوچار ہے،ہر گلی ہر سڑک پر سیوریج اوور فلو سے شہر کا بچاکچا انفراسٹرکچر بھی تباہ ہوکر رہ گیا ہے۔

ضلع وسطی کے علاقے واٹر پمپ مارکیٹ، یوسف پلازہ،یوکے اسکوائر،ادارہ امراض قلب کراچی،حسین آباد،علی آباد،دستگیر بلاک14 بلاک15،بلاک,2 ضلع جنوبی کے علاقے پاکستان چوک،آرام باغ پولیس اسٹیشن،لائٹ ہاؤس ،ضلع وسطی کے دیگر علاقوں میں نارتھ کراچی،لیاقت آباد ،نارتھ ناظم آباد،ضلع ملیر کورنگی اور ملیر کے علاقے ماڈل کالونی،قائد آباد،ضلع شرقی کے علاقے گلستان جوہر بلاک14، بلاک 15،کورنگی،لانڈھی،شاہ فیصل کالونی،ملیر ٹنکی،سعود آباد،لیاقت مارکیٹ۔

گلشن اقبال بلاک 13 ڈی،حسن اسکوائر کے علاوہ شہر کے دیگر علاقے سیوریج کے گندے پانی کے تالاب بنے ہوئے ہیں۔ جن سے اٹھنے والی بدبو اور غلاظت سے شہری سخت اذیت کاشکارہیں،واٹر بورڈ کے سینئرافسران کاکہنا ہے کہ سیاسی بنیادوں پرتعینات کیے جانے کے باعث شہریوں کوابتر صورتحال کا سامنا ہے۔




کراچی کے بزنس حب اولڈ سٹی ٹریڈنگ ایریا میں برساتی پانی کی نکاسی نہ ہونے اورمارکیٹوں کے اطراف کی گلیوں میں ابلتے ہوئے گٹروں کا پانی سڑکوں پر آنے سے تاجروںکیلیے کاروباری سرگرمیاںجاری رکھنامحال ہوگیاہے۔

کراچی تاجراتحاد کے نائب صدر رانا محمد اکرم نے ایکسپریس کو بتایاکہ اولڈ سٹی ٹریڈنگ ایریا میں برساتی پانی جمع رہنے سے 60 سے زائد مارکیٹوں کی 22ہزار سے زائد دکانوںکے تاجرگندے پانی ، کیچڑاور تعفن میںکام کرنے پرمجبورہیں۔



اولڈ سٹی ٹریڈنگ ایریا میں عالم مارکیٹ موتن داس مارکیٹ ٹیکسٹائل پلازہ اقبال کلاتھ مارکیٹ سے ملک بھر میں تھوک کپڑے اور ریڈی میڈ گارمنٹس کی ترسیل ہوتی ہے جبکہ علاقے میں اجناس کی سب بڑی تھوک مارکیٹ جوڑیابازار سے بھی ملک بھر میں اجناس مصالحہ جات کی ترسیل ہوتی ہے۔

کراچی تاجراتحاد اولڈ سٹی ٹریڈنگ ایریا کے صدر ایس ایم عالم نے بتایاکہ اس علاقے کی سیوریج لائنیں گزشتہ کئی برسوں سے بوسیدہ اور چوک ہوچکی ہیں۔ معمولی برسات میں بھی علاقے کے گٹر ابلنے لگتے ہیں اور تمام مارکیٹوں میں گندے پانی کا سیلاب امڈآتا ہے،حکومت سیوریج کی لائنیں فوری تبدیل کی جائیں۔

انھوں نے کہا کہ حکومت اور متعلقہ محکموں کی جانب سے اولڈ سٹی ٹریڈنگ ایریا میں سیوریج لائنوں کی حالت درست نہ کی گئی تو پھرتاجراحتجاجی لائحہ عمل اختیار کرنے پرمجبور ہوجائیں گے۔
Load Next Story