تعلیمی ادارے کھلنے کے اعلان کے بعد 354 کشمیری طلبا جمعرات کو پاکستان پہنچیں گے

واہگہ بارڈر پر متعلقہ حکام کو مقبوضہ کشمیرسے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات کی فہرستیں ارسال

کشمیری طلبہ کی بڑی تعداد فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی لاہور میں زیر تعلیم ہے فوٹو: فائل

BEIJING:
پاکستان میں تعلیمی ادارے کھلنے کے اعلان کے بعد مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے 354 طلبا وطالبات 10 ستمبر کو واہگہ بارڈرکے راستے واپس پاکستان پہنچیں گے جب کہ بھارت میں کورونا وائرس کی وجہ سے پھنسے 75 پاکستانی شہریوں کا ایک گروپ بھی واپس وطن پہنچ گا۔

نئی دہلی میں پاکستان ہائی کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستان کے مختلف میڈیکل تعلیمی اداروں میں مقبوضہ کشمیر سے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات بھی پڑھتے ہیں، ان کی بڑی تعداد لاہور کی فاطمہ جناح میڈیکل یونیورسٹی میں زیر تعلیم ہے۔ پاکستان میں کورونا لاک ڈاؤن کے باعث تعلیمی ادارے بند ہونے کے بعد یہ طلبا وطالبات واپس مقبوضہ کشمیر چلے گئے تھے۔ اب جب کہ 15 ستمبرسے تعلیمی ادارے دوبارہ سے کھولے جارہے ہیں تو مقبوضہ کشمیر کے طلبا و طالبات واپس آکر اپنی تعلیم کا سلسلہ مکمل کرنا چاہتے تھے جس پر پاکستان نے مقبوضہ کشمیر کے ان طلبا وطالبات کو دوبارہ اجازت دی ہے، 354 طلبا وطالبات 10 ستمبر کو واہگہ بارڈر کے راستے امرتسر سے لاہور پہنچیں گے۔


دوسری جانب کورونا کی وجہ سے بھارت میں پھنسے 75 پاکستانیوں کا ایک گروپ بھی واپس لوٹے گا۔ پاکستانی وزارت داخلہ نے واہگہ بارڈر پر متعلقہ حکام کو پاکستانی اورمقبوضہ کشمیرسے تعلق رکھنے والے طلبا وطالبات کی فہرستیں ارسال کردی ہیں۔

علاوہ ازیں پاکستان میں مقیم بھارتی شہریوں اورنوری ویزاکے حامل پاکستانیوں کی واپسی 15 ستمبر کو ہوگی۔ پہلے مرحلہ میں400 افراد واہگہ بارڈر کے راستے واپس انڈیا جائیں گے جن میں نوری ویزا کے حامل 363 پاکستانی اوران کے ساتھ مقیم 37 بھارتی شہری ہیں۔
Load Next Story