طیارہ حادثے میں امریکی نیشنل گارڈ کے 3 اہلکار ہلاک

نیشنل گارڈ اہلکاروں کی شناخت اہل خانہ کی اجازت کے بعد ظاہر کی جائے گی

طیارے کا ملبہ ایئرپورٹ کے نزدیک کھیت سے مل گیا، فوٹو : ٹویٹر

امریکی ریاست ٹینیسی میں ایک انجن والا چھوٹا طیارہ گر کر تباہ ہوگیا جس میں سوار تینوں افراد ہلاک ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق ایک انجن والے پائپر پی-اے 28 طیارے نے واررن کاؤنٹی میموریل ایئرپورٹ سے اُڑان بھری تھی لیکن کچھ ہی دیر بعد طیارے کا کنٹرول روم سے رابطہ منقطع ہوگیا تھا۔


ریسکیو اداروں کو طیارے کا ملبہ ٹینیسی ایئرپورٹ کے نزدیک کھیتوں سے مل گیا، طیارے میں سوار تینوں افراد موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ ہلاک ہونے والے تینوں افراد نیشنل گارڈ کے اہلکار تھے۔

ٹینیسی نیشنل گارڈ کی ترجمان کیرس میسینا نے میڈیا کو بتایا کہ طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے تینوں افراد نیشنل گارڈ کے اہلکار تھے جو ان دنوں سالانہ چھٹیوں پر تھے۔ اہلکاروں کی شناخت اہل خانہ کی اجازت کے بعد ظاہر کی جائے گی۔

واضح رہے کہ امریکا میں چھوٹے طیاروں کے حادثات میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے جس کے لیے وفاقی سطح پر ایک انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی ہے جو حادثات کی وجوہات کا تعین کرکے اس کے سدباب کی تجاویز دیں گی۔
Load Next Story