جی ایس پی پلس حکومت بلا تعطل سستی بجلی گیس فراہم شرح سود کم کرے اپٹما

4برس میں ٹیکسٹائل برآمدات 26ارب ڈالرتک لے جائیں گے،1ارب ڈالرسرمایہ کاری،10لاکھ نئی ملازمتیں فراہم کی جائیں گی

حکومت اپٹماکی سفارشات پر10 سالہ ٹیکسٹائل ویژن تیارکرے تو ایکسپورٹ 100ارب ڈالرتک بھی پہنچ جائیگی،روڈمیپ پیش . فوٹو: فائل

آل پاکستان ٹیکسٹائل ملز ایسوسی ایشن (اپٹما) نے حکومت کو آئندہ 4 برسوں میں ٹیکسٹائل برآمدات دگنی کرنے کے لیے روڈ میپ پیش کر دیا۔

جس کے تحت ٹیکسٹائل سیکٹر میں سالانہ 1ارب ڈالر سے زائد کی سرمایہ کاری کی جائے گی، روئی کی پیداوار 13ملین سالانہ گانٹھوں سے بڑھا کر 16ملین گانٹھوں تک پہنچائی جائے گی اور 10لاکھ افراد کو ملازمتیں دی جائیں گی جبکہ ملکی ٹیکسٹائل برآمدات 13ارب ڈالر سے بڑھا کر 26ارب ڈالر تک بڑھائی جائیں گی۔ اپٹما کی جانب سے پیش کیے گئے روڈ میپ کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے پاکستان کو ملنے والے جی ایس پی پلس اسٹیٹس سے ٹیکسٹائل برآمدات میں سالانہ ڈیڑھ سے 2 ارب ڈالر کا اضافہ متوقع ہے۔




اگر ٹیکسٹائل انڈسٹری اپنی ویلیو ایڈیشن دگنی کر دیتی ہے تو یورپی یونین کو برآمدات 3ارب ڈالر تک بھی بڑھ سکتی ہیں تاہم ٹیکسٹائل برآمدات اسی صورت میں بڑھیں گی جب حکومت کی جانب سے پورا سال انڈسٹری کو بلا تعطل بجلی اور گیس فراہم کی جائے گی، نئی سرمایہ کاری کے لیے شرح سود سنگل ڈیجٹ پر لائی جائے گی اور برآمدی صنعتوں کے لیے بجلی اور گیس کے ٹیرف میں کمی کی جائے گی۔ اپٹما نے اپنے روڈ میپ میںبتایا کہ پاکستانی ٹیکسٹائل انڈسٹری میں برآمدات 100ارب ڈالر تک بڑھانے کی صلاحیت موجود ہے، صرف حکومت کواپٹما پر اعتماد کرنا ہو گا اور اس کی سفارشات پر عملدرآمد کرتے ہوئے 10 سالہ ٹیکسٹائل ویژن تیار کرنا ہوگا جس کے تحت نہ صرف ٹیکسٹائل کی برآمدات 100ارب ڈالر تک پہنچ جائیں گی بلکہ پاکستان کو آئی ایم ایف کی ضرورت بھی باقی نہیں رہے گی۔
Load Next Story