ذوالفقار آباد ٹینکرز ٹرمینل میں تجاوزات قائم نہیں ہونے دینگےرؤف اختر

نیشنل ہائی وے سے ٹرمینل تک آنیوالے روڈ کو دلکش بنانے کیلیے درخت لگا رہے ہیں

شیریں جناح کالونی میں آئل ٹینکرز کی پارکنگ کا مسئلہ ختم ہو جائیگا،ایڈمنسٹریٹر فوٹو : فائل

بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ایڈمنسٹریٹر رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل میں کسی بھی قسم کی کوئی تجاوزات قائم نہ ہونے پائیں اور تمام تر تعمیرات صرف اصل نقشے اور لے آؤٹ پلان کے مطابق کی جائیں۔

نیشنل ہائی وے سے ٹرمینل تک آنے والے36 فٹ چوڑے روڈ کے ساتھ ہر 4 فٹ کے فاصلے پر سایہ دار شجر خصوصاً نیم کے درخت لگائے جارہے ہیں تاکہ اس پورے راستے کو دلکش اور سرسبز بنایا جاسکے، وہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کے دورے کے موقع پر جاری ترقیاتی کاموں کا معائنہ کررہے تھے، اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل محکمہ انجینئرنگ نیاز احمد سومرو، سینئر ڈائریکٹر پارکس اینڈ ہارٹیکلچر اشفاق ملاح اور دیگر افسران بھی موجود تھے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے افسران کو ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ ذوالفقار آباد آئل ٹینکرز پارکنگ ٹرمینل کا منصوبہ سپریم کورٹ کی ہدایات کی روشنی میں خالصتاً آئل ٹینکرز کی پارکنگ کیلیے بنایا گیا ہے تاکہ شیریں جناح کالونی اور دیگر علاقوں میں آئل ٹینکرز کی پارکنگ سے پیدا ہونے والے مسئلے سے نمٹا جائے۔




یہ پارکنگ ٹرمینل مستقبل میں کراچی کیلیے نہایت اہم منصوبہ ثابت ہوگا، اسی لیے یہاں کسی بھی قسم کی غیر قانونی تعمیرات، پتھارے، دکانیں اور دیگر تجاوزات قائم نہیں ہونے دی جائیں گی، انھوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہا رکیا کہ نیشنل ہائی وے سے واٹر بورڈ کی 54 انچ قطر کی مرکزی پائپ لائن کے ساتھ پارکنگ ٹرمینل کیلیے بنائے گئے150 ہزار گیلن گنجائش کے زیر زمین واٹر ٹینک کو منسلک کرنے کاکام مکمل ہو گیا ہے جس کے بعد یہاں وافر مقدار میں ضرورت کے مطابق پانی دستیاب ہے، انھوں نے کہا کہ 128 ٹوئلیٹس کا بلاک بھی مکمل ہو گیا ہے، پولیس چوکی کی تعمیر ٹائر شاپ کی تعمیر، نماز پڑھنے کی جگہ، ریٹائرنگ شیڈز اور وضو خانہ کی تعمیر بھی مکمل ہوچکی ہے۔
Load Next Story