اسلام آباد ہائیکورٹ نے ریڈ زون میں فائرنگ کرنے والے جج کو معطل کردیا

کئی بار کہہ چکے ہیں کہ اس شہر میں لاقانونیت ہے، ریاست کی رٹ بھی تو کہیں ہونی چاہیے، جیف جسٹس کا اظہار برہمی

سیشن جج اور حکومتی پارٹی کی رکن اسمبلی کے مابین ہاتھا پائی کے بعد فائرنگ کا واقعہ اتوار اور پیر کی درمیانی شب پیش آیا۔(فوٹو، اسکرین شاٹ)

ہائی کورٹ نے ریڈ زون میں فائرنگ کرنے والے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کو معطل کرنے کا حکم نامہ جاری کردیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایم پی اے کے شوہر سے جھگڑے کے بعداپنے دفاع میں فائرنگ کرنے والے ایڈیشنل سیشن جج محمد جہانگیر اعوان کو معطل کر دیا ہےہائی کورٹ کے رجسٹرار ساجد بلوچ نے جج کی معطلی کا نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

دوسری جانب اسلام آباد کے ایڈیشنل سیشن جج سید فیضان حیدر گیلانی نے پی ٹی آئی کی ایم پی اے کے شوہر کی جانب سے تشدد کا نشانہ بننے والے ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان نے مقدمہ اندراج کی درخواست پر سماعت کی۔ درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ ایک مظلوم جج کی فریاد لے کر آئے ہیں۔ پولیس کو واقعہ کے بعد بیان قلمبند کرایا اور درخواست دی مگر پولیس ایف آئی آر درج کر کے قانون کے مطابق معاملے کی تفتیش نہیں کر رہی ہے۔

کل سے اب تک پولیس کسی نتیجے پر نہیں پہنچی کہ موقع پر ہوا کیا تھا ، پولیس نے جج صاحب اور ایم پی اے کے شوہر کو تین گھنٹے تک لاک اپ میں رکھنے کے بعد بغیر کارروائی کئے جج صاحب اور ملزم فریق کو وہاں سے رخصت کردیا۔


دوسری جانب ایڈیشنل سیشن جج فیضان حیدر گیلانی نے جہانگیر اعوان کی درخواست پر پولیس سے 16 ستمبر تک جواب طلب کرلیا اور ایس ایچ او تھانہ سیکرٹریٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

قبل ازیں چیف جسٹس اطہر من اللہ نے ایک کیس کی سماعت کے دوران ریمارکس میں کہا کہ آپ نے دیکھا ہے کہ کل ریڈزون میں کیا ہوا؟ ریڈزون میں ایک شخص فائر کر رہا ہے۔ چاہے اس کی کوئی بھی وجہ ہو لیکن یہ کیسے ممکن ہوا۔ ریڈزون میں لڑائی کا دوسرا فریق بھی بااثر ہے۔

چیف جسٹس نے استفسار کیا کہ یہ تمام بڑے آدمی کمپرومائز کیوں کر جاتے ہیں؟ میں نے کبھی نہیں سنا کہ کسی مہذب معاشرے میں ایسے کمپرومائز ہوتے ہوں۔جسٹس اطہر من اللہ کا کہنا تھا کہ کئی بار کہہ چکے ہیں کہ اس شہر میں لاقانونیت ہے، ریاست کی رٹ بھی تو کہیں ہونی چاہیے، ریاست کی بھی تو کوئی ذمہ داری لے۔

یہ خبر بھی پڑھیے: اسلام آباد میں جج اور پی ٹی آئی رکن اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر میں ہاتھا پائی

واضح رہے گزشتہ روز ریڈ زون میں پاکستان تحریک انصاف کی رکن پنجاب اسمبلی عابدہ راجہ کے شوہر چوہدری خرم اور ایڈیشنل سیشن جج جہانگیر اعوان کے مابین گاڑی کی آگے بڑھانے کے معاملے پر تلخی کلامی ہوئی جس کے بعد چوہدری خرم نے جج جہانگیر اعوان کو تھپڑ ماردیا۔ ہاتھا پائی شروع ہونے کے بعد جہانگیر اعوان نے اپنی گاڑی سے پستول نکال کر ہوائی فائر کیے۔
Load Next Story