اسرائیل کے ساتھ معاہدے سے فلسطینیوں کی جدوجہد متاثر نہیں ہوگی امارات

بحرین اور عرب امارات کے اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے معاہدے پر آج وہائٹ ہاؤس میں دستخط ہوں گے

امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ آج اسرائیل کے ساتھ معاہدے پر دستخط کریں گے(فوٹو؛ انٹرنیٹ)

متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان نے کہا ہے کہ اسرائیل کے ساتھ سفارتی تعلقات کے قیام کا معاہدہ خطے کی ترقی میں اہم پیش رفت ہے۔

العربیہ نیوز کے مطابق امارات کے وزیر خارجہ شیخ عبداللہ بن زاید النہیان کا کہنا تھا کہ اسرائیل کے ساتھ تعلقات سے فلسطینیوں کی حقوق اور الگ ریاست کی جدوجہد متاثر نہیں ہوگی۔ یہ معاہدہ مشرقی وسطی کی ترقی کے لیے اہم پیش رفت ثابت ہوگا۔

واضح رہے کہ بحرین اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ اسرائیل کے سفارتی و اقتصادی تعلقات کے قیام کے معاہدے پر دستخط کی تقریب آج وہائٹ ہاؤس میں مقامی وقت کے مطابق 12 بجے منعقد ہوگی۔ معاہدے پر اسرائیل کے وزیر اعظم نیتن یاہو ، امارات اور بحرین کے وزرائے خارجہ دستخط کریں گے اور امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ تقریب میں شرکت کریں گے۔ معاہدے پر دستخط کی تقریب کے لیے 700 افراد کو دعوت نامے جاری کیے گئے ہیں۔


یہ لنک بھی دیکھیے: اسرائیل کے ساتھ معاہدوں سے مسجداقصی کی تقسیم ممکن ہوگئی، ماہرین

پیر کو اسرائیلی وزیر اعظم نے واشنگٹن سے ویڈیو پیغام میں کہا کہ ہم نے اس معاہدے پر برسوں محنت کی ہے۔ یہ اسرائیل اور مشرق وسطی کی تاریخ کا اہم موڑ ہے۔ اس معاہدے کے اسرائیلیوں پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔

اسرائیلی پارلیمنٹ سے منظوری باقی ہے!

اسرائیلی اخبار کے مطابق امارات کے ساتھ ہونے والے معاہدے پر دستخط کے بعد اسرائیل کی مجلس قانون ساز کنیست سے اس کی توثیق لی جائے گی۔ اسرائیلی حکام کا کہنا ہے کہ معاہدے پر دستخط کے بعد پہلے کابینہ اور بعدازاں کنیست اس کی توثیق کریں گے۔
Load Next Story