وزیراعظم کا پنجاب میں منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات پر تشویش کا اظہار، موٹر وے واقعہ کے ملزمان کو انجام تک پہنچانے کا عزم

خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات پر تشویش کا اظہار، موٹر وے واقعہ کے ملزمان کو انجام تک پہنچانے کا عزم (فوٹو:فائل)

KARACHI:
وزیراعظم عمران خان نے خواتین اور بچوں سے زیادتی کے واقعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موٹر وے واقعہ کے ملزمان کو سزا دلوانے کا عزم ظاہر کیا ساتھ ہی پنجاب میں منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم دیا ہے۔

وزیر اعظم عمران خان کی زیر صدارت لاہور میں اعلی سطح اجلاس منعقد ہوا جس میں وفاقی وزراء شفقت محمود، فیصل واوڈا، مشیر وزیر اعظم شہزاد اکبر، سینیٹر فیصل جاوید، وزیر اعلی پنجاب سردار عثمان بزدار، صوبائی وزرا محمد بشارت راجہ، فیاض الحسن چوہان، مخدوم ہاشم جواں بخت، چیف سیکریٹری، آئی جی پولیس پنجاب اور سینئر افسران نے شرکت کی۔

یہ پڑھیں : بڑے کام کرنے کے لیے سوچ بڑی کرنی ہوتی ہے، وزیراعظم

 

اجلاس میں آئی جی پولیس کی جانب سے وزیراعظم کو سنگین جرائم بشمول قتل، اغوا، بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے حوالے سے اور بالخصوص موٹروے پر خاتون سے زیادتی کے معاملے کی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔

زیادتی کیسز، ملک بھر میں ایک ایمرجنسی نمبر اور ڈیٹا بیس قائم کرنے پر غور

وزیر اعظم نے بچوں اور خواتین کے ساتھ زیادتیوں کے واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے موٹروے زیادتی کیس کو منطقی انجام تک پہنچانے اور مجرموں کو قانون کے مطابق سزا دلوانے کا عزم ظاہر کیا۔ شرکا نے ملک بھر میں ایک ایمرجنسی نمبر نافذ کرنے اور جرائم کا سینٹرل ڈیٹابیس قائم کرنے پر غور کیا۔


منشیات فروشوں اور قبضہ مافیا کے خلاف کریک ڈاؤن کا حکم

اجلاس کے شرکا نے پنجاب میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی اور ان کی قیمتوں اور فلاحی منصوبوں کے حوالے سے بات چیت کی۔ وزیر اعظم نے نشہ آور مصنوعات فروخت کرنے والے عناصر، جوا کھیلنے اور قبضہ مافیا کے خلاف سخت کریک ڈاؤن کا حکم دے دیا۔

گندم کی دستیابی یقینی بنائی جائے، وزیراعظم

اجلاس میں وزیر اعظم کو پنجاب میں اشیائے ضروریہ کی دستیابی، ان کی قیمتوں اور فلاحی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی جس پر وزیر اعظم نے صوبائی انتظامیہ کو ہدایت دی کہ اشیائے ضروریہ خصوصاً گندم کی دستیابی کو یقینی بنایا جائے۔

وزیراعظم کی پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کی تعداد بڑھانے کی ہدایت

وزیر اعظم کو پناہ گاہوں اور لنگر خانوں سے متعلق بھی بتایا گیا جس پر وزیراعظم نے کہا کہ عوامی سہولیات کی فراہمی کا مقصد غربا اور نادار افراد کی خدمت کرنا ہے، پناہ گاہوں اور لنگر خانوں میں آنے والے افراد کی عزت نفس کا خیال رکھا جائے، دیہاڑی دار طبقے پر خاص توجہ دی جائے، ضرورت کے پیش نظر مزید پناہ گاہوں اور لنگر خانوں کا قیام عمل میں لایا جائے، ہمیں انصاف، تعلیم اور صحت کی سہولیات کی فراہمی اور بنیادی سطح پر عوام کو بااختیار بنانا ہے۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ عوام کو نمائندگی دینے سے ہی بہتر طرز حکومت اور عوامی خدمت کو یقینی بنایا جاسکتا ہے، فلاحی ریاست کی طرف سفر ہی قوم کی خوشحالی کا سفر ہے۔
Load Next Story