کراچی کی صنعتوں کو کم پریشر گیس سپلائی سے صنعتی پیداوار بری طرح متاثر

صنعتی علاقے میں گزشتہ 3ہفتوں سے گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے، عابد عبداللہ

صنعتی علاقے میں گزشتہ 3ہفتوں سے گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے، عابد عبداللہ

ISLAMABAD:
فیڈرل بی ایریا کے صنعتی علاقے میں صنعتوں کو 50 فیصد کم پریشر کے ساتھ قدرتی گیس کی سپلائی سے صنعتی پیداوار بری طرح متاثر ہوگئی ہے۔

حکومت اور ایس ایس جی سی نے صنعتی علاقوں کو مطلوبہ پریشر کے ساتھ گیس کی ترسیل بحال نہ کی تو شہر کی تمام صنعتی علاقوں کی نمائندہ تنظیمیں ایک بار پھر ایس ایس جی سی کے دفتر کے باہر دھرنا دینے پر مجبور ہوجائیں گی۔


ایف بی ایریاایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری کے صدر عابد عبداللہ نے بتایاکہ صنعتی علاقے میں گزشتہ 3ہفتوں سے گیس پریشر میں کمی کا سامنا ہے اور گیس پریشر میں مستقل کمی سے علاقے کی صنعتوں پیداواری صلاحیت 50فیصد گھٹ گئی ہے۔ انہوں نے بتایاکہ علاقے کی 25فیصد صنعتوں کو پہلے ہی گزشتہ 3سال سے گیس پریشر میں کمی کاسامنا ہے۔

عابد عبداللہ کا کہنا تھا کہ حکومت جی ڈی پی نمو میں اضافہ اور برآمدات بڑھانا چاہتی ہے تو اسے کراچی کے تمام صنعتی علاقوں کو گیس پریشر میں کمی اور لوڈشیڈنگ سے مستثنیٰ قرار دیناہوگا کیونکہ گیس پریشر میں کمی کے باعث برآمدی آرڈرز کی تکمیل میں مشکلات کا سامنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایس ایس جی سی قومی مفاد میں صنعتی علاقے کامطلوبہ گیس پریشر بحال کرے۔
Load Next Story